اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):جوتوں کی برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے آٹھ ماہ کے دوران سالانہ بنیادوں پر 15.48 فیصد اضافہ ہواہے۔ ادارہ شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمارکے مطابق جولائی سے فروری 2025تک کی مدت میں جوتوں کی برآمدات سے 126.413 ملین ڈالر زرمبادلہ حاصل ہوا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 109.465 ملین ڈالر کے مقابلہ میں 15.48 فیصدزیادہ ہے۔
مالی سال کے پہلے 8ماہ میں چمڑے کے جوتوں کی برآمدات 14.94 فیصد کے اضافہ سے 85.368 ملین ڈالر سے بڑھ کر 98.121 ملین ڈالر ہو گئیں اسی طرح کینوس جوتوں کی برآمدات میں 15.20 فیصد اضافہ ہوا،مالی سال کے پہلے 8ماہ میں کینوس سے بنے جوتوں کی برآمدات کاحجم 1.985ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.723 ملین ڈالرتھیں۔
دوسری تمام اقسام کے جوتوں کی برآمدات 17.58 فیصدکے اضافہ کے بعد 22.374 ملین ڈالر سے بڑھ کر 26.307 ملین ڈالر ہو گئیں۔ فروری 2025 میں جوتوں کی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 11.57 فیصد اضافہ ہوا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574630