اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):وزارت توانائی پاورڈویژن نے کہا ہے کہ جولائی2024 سے بجلی کے نئے نرخ لاگو ہوں گے،بجلی کےنئے ٹیرف سے صارفین کی اکثریت کے ماہانہ بل پرتھوڑا سا اثر پڑے گا۔ جمعرات کو پاور ڈویژن کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا کہ بجلی کے بلز میں کم سے کم اضافہ کیلئےحکومت 440 ارب کی سبسڈی دے گی ۔ اعلامیہ میں بتایا گیا کہ ایک کروڑ68 لاکھ یعنی 58 فیصد غریب گھریلوصارفین کےلیے اضافہ2فیصد سےکم ہوگا، نسبتا امیر 42 فیصد صارفین کے لیے اوسطاً 9 فیصد اضافہ ہوگا۔
پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ معیشت بہتر ہونے پر بجلی کے نرخوں میں کمی کی توقع ہے،جنوری2025 تک تمام صارفین کے لیے بجلی کےنرخ جون2024کے مقابلے اوسطاً 3 فیصد کم ہونے کی توقع ہے۔اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ بجلی شعبے کے مقررہ 75 فیصد لاگت کے پیش نظر فکسڈچارجز کا اجرا ضروری تھا، ملکی صنعت کے فروغ کیلئے صنعتی شعبہ سے 150 ارب کا بوجھ کم کر دیا گیا۔پاور ڈویژن کے اعلامیہ کے مطابق نیپرا کی سماعت کے بعد بجلی کی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔