اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وزارت اقتصادی امورنے وضاحت کی ہے کہ رواں سال جولائی سے لیکراپریل تک کی مدت میں پاکستان نے 8.1 نہیں بلکہ 15.4 ارب ڈالرکی مالی معاونت حاصل کی ہے، حکومت پاکستان نے جاری مالی سال کے اختتام تک تمام غیرملکی قرضوں اورواجبات کی ادائیگی کیلئے مالی انتظامات کرلئے ہیں۔
گزشتہ روز یہاں جاری وضاحتی بیان میں ترجمان وزارت اقتصادی امورنے اس حوالہ سے مقامی انگریزی روزنامہ میں شائع اعدادوشمارکی تردید کی ہے جس میں بتایاگیاتھا کہ حکومت نے جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 8.1 ارب ڈالرکی معاونت حاصل کی ہے۔ ترجمان نے کہاکہ حقیقی اعدادوشمار15.4 ارب ڈالرہے جس میں دوست ممالک کے 6 ارب ڈالر کے قرضوں کی رول اوور بھی شامل ہیں جن میں سے تین ارب ڈالرکے قرضے چین اور تین ارب ڈالرکے قرضے سعودی عرب نے رول اوورکئے ہیں۔
اسی طرح اس میں چین کے مزید1.3 ارب ڈالرکی ری فنانسنگ بھی شامل ہے ۔ ترجمان نے بتایا کہ حکومت پاکستان نے جاری مالی سال کے اختتام تک تمام غیرملکی قرضوں اورواجبات کی ادائیگی کیلئے مالی انتظامات کرلئے ہیں اورامید ہے کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئیگی۔