جونیئر اینڈ ویمن سکواش چیمپئن شپ،ٹاپ سیڈ زمان خان کو شکست ،ویمنز کا فائنل رشنا محبوب اور انعم عزیز کے درمیان ہوگا

53
جونیئر اینڈ ویمن سکواش چیمپئن شپ،ٹاپ سیڈ زمان خان کو شکست ،ویمنز کا فائنل رشنا محبوب اور انعم عزیز کے درمیان ہوگا

کراچی۔ 10 اکتوبر (اے پی پی):دوسری خیر پور شوگرآل پاکستان جونیئر اینڈ ویمن اوپن سکواش چیمپئن شپ کی ویمنز کیٹیگری کا فائنل رشنا محبوب اور انعم عزیز جبکہ انڈر17بوائز کا فائنل سخی اللہ اور عمیر عارف کے درمیان ہوگا ،ٹاپ سیڈ زمان خان کو شکست ہوگئی ۔پی ایس ایف جہانگیر خان اسکواش کمپلیکس پی ایس بی کراچی سینٹر میں جاری چیمپئن شپ فائنل مرحلے میں داخل ہو گئی،تمام فائنل آج کھیلے جائیں گے ۔

منگل کو ایونٹ کے سیمی فائنل مقابلوں ٹاپ سیڈ رشنا محبوب نے نمبر چار سیڈ ماہ نور علی کو 9-11،11-7،11-4،7-11اور11-7سے اور نمبر تین سیڈ انعم عزیز نے نمبر دو سیڈ کومل خان کو 11-7،11-7اور11-9سے شکست دے کر ٹائٹل میچ میں رسائی کو یقینی بنایا ۔بوائز انڈر17کے سیمی فائنل میں ٹاپ سیڈ زمان خان کو سخی اللہ نے اپ سیٹ شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ، انہوں نے 45منٹ کے سخت مقا بلے کے بعد11-8،11-7،7-11،7-11 اور11-6سے شکست دی ،دوسرے سیمی فائنل میں عمیر عارف نے ازان علی خان کو 3-0سے ہرا کر فائنل میں جگہ بنائی ۔

بوائز انڈر15میں ٹاپ سیڈ ملک حارث نے عبدالاحد کو 3-2سے اورنمبر دو سیڈ احمد ریان خلیل نے نمبر چار سیڈ یحیٰ اسد خان کو 3-0سے زیر کر کے فائنل میچ کے لئے نشست کنفرم کی ۔بوائز انڈر13کے کوارٹر فائنل میں ٹاپ سیڈ حزیفہ شاہد نے دانش سکندر کو 3-0سے اور سہیل عدنان نے راحیل کو 3-0سے ہرا کر فائنل کے لئے کوالیفائی کیا ْ۔بوائزانڈر19 کے پہلے سیمی فائنل میں سندھ کے ایم صائم نے فیض خان کو 3-1سے اور دوسرے سیمی فائنل میں حسن علی نے محمد بن نسیم کو 3-1سے شکست دے کر فائنل میں رسائی پائی۔