جونیئر ہاکی ورلڈکپ 24 نومبر سے شروع ہو گا

86

بھوبنیشور۔22نومبر (اے پی پی):ایف آئی ایچ کے زیر اہتمام 12 واں جونیئر ہاکی ورلڈ کپ 24 نومبر سے بھارت کے شہر بھوبنیشور میں شروع ہو گا۔ ٹورنامنٹ میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں چار گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں بیلجیئم، چلی، ملائیشیا اور جنوبی افریقہ گروپ بی میں کینیڈا، فرانس، بھارت اور پولینڈ گروپ سی میں جنوبی کوریا، ہالینڈ، سپین اور امریکا جبکہ گروپ ڈی میں پاکستان، ارجنٹائن، مصر اور جرمنی شامل ہے۔

ٹورنامنٹ کے افتتاحی روز پانچ میچ کھیلے جائیں گے۔ گروپ اے میں پہلا میچ بیلجیئم اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائے گا، اسی گروپ کے دوسرے میچ میں ملائیشیا اور چلی کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ گروپ بی میں پہلا میچ کینیڈا اور پولینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے میچ میں میزبان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

گروپ ڈی میں پاکستانی ٹیم جرمنی سے نبرد آزما ہو گی۔ ہر ٹیم تین گروپ میچ کھیلے گی اور ٹاپ آٹھ ٹیمیں کوارٹر فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 5 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔