بلغراد ۔ 30 دسمبر (اے پی پی) سٹار سربین کھلاڑی اور سابق عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ کی فٹنس مسائل کے باعث ٹینس کورٹس میں واپسی مزید تاخیر کا شکار ہو گئی، جوکووچ انجری کے باعث ابوظہبی میں ہونے والے موبادلہ ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ سے باہر ہو گئے، ان کی جگہ برطانوی کھلاڑی اینڈی مرے کو ٹورنامنٹ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ 12 مرتبہ کے گرینڈ سلام چیمپئن جولائی کے بعد ابھی تک ٹینس کورٹس میں ایکشن میں دکھائی نہیں دیئے، انہوں نے موبادلہ ورلڈ ٹینس چیمپئن شپ سے کورٹس میں واپسی کرنی تھی تاہم انجری کے باعث انہوں نے ایونٹ سے دستبرداری اختیار کر لی ہے۔ انجری مسائل کے باعث ان کی آئندہ ماہ شیڈول سال کے پہلے گرینڈ سلام ٹینس ٹورنامنٹ میں شرکت بھی مشکوک ہو گئی ہے۔