تہران ۔ 21 اپریل (اے پی پی) ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہاہے کہ امریکاکے بے بنیاد الزامات، ایران کی جانب سے جامع ایٹمی معاہدے کی پابندی کرنے کی حقیقت کو نہیں چھپا سکتے۔ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ امریکا اس بات کا پابند ہے کہ جامع ایٹمی معاہدے کے حوالے سے اپنا راستہ درست اور اپنے وعدوں پر عملدرآمد کرے۔ وزیر خارجہ کے مطابق، امریکا کے بے بنیاد الزامات، ایران کی جانب سے جامع ایٹمی معاہدے کی پابندی کرنے کے معاملے کو نہیں چھپا سکتے۔امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے اپنے حالیہ بیان میں کہا ہے کہ ایران کے ساتھ ہونے والا ایٹمی معاہدہ ایران کو ایٹمی ہتھیاروں تک رسائی حاصل کرنے سے روکنے میں ناکام ہوگیا ہے۔