جوہر ٹائون دھماکے کے ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

90

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جوہر ٹائون دھماکے کے ملزمان جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے، ملک میں انتشار پھیلانے اور پاکستان کو دبائو میں لانے کی کوشش کرنے والے ناکام ہوں گے۔ جمعرات کو اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پنجاب پولیس نے جوہر ٹاون دھماکے کی تحقیقات میں زبردست کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ملزمان کی گرفتاری کے قریب ہے ۔

پنجاب پولیس جلد ملزمان کو قانون کی گرفت میں لیکر عوام کو اچھی خبر سنائی گے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ جو لوگ ملک میں انتشار پھیلانا اور پاکستان کو دبائو میں لانا چاہتے ہیں وہ ناکام ہوں گے۔ پاکستان کبھی کسی دباو میں نہیں آئے گا ۔ افغانستا ن بارڈ ر پر چھیاسی فیصد اورایران بارڈر پر چھیالیس فیصد فینسنگ ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت میں سیاسی اورمعاشی استحکام آیا ہے ۔

پاکستان کے دشمنوں کو یہ چیز ایک آنکھ نہیں بھاتی ۔دشمنوں نے دہشت گردی کے راستے اپنا نا شروع کیا ہے وہ ناکام ہوں گے۔ پاکستان کے عوام پاک فوج کے ساتھ ملکر اس ملک میں امن استحکام اورترقی کاسفر جاری رکھیں گے۔