مظفر آباد ۔18اپریل (اے پی پی):وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا ہے کہ جو پریس فریڈم مارچ کل آیا وہ پُرامن طریقے سے واپس چلا بھی گیا ہے، اے کے این ایس اور پریس فاؤنڈیشن نے معاملہ کو دانشمندی سے حل کروانے کے لیے اپنا بھرپور کردار نبھایا، حکومت نے مارچ کرنے والوں کے ساتھ مذاکرات کیے، مذاکرات میں حکومت کی جانب سے ورکنگ جرنلسٹس کے مسائل کو بھی اٹھایا گیا تھا، حکومت کی جانب سے مذاکراتی کمیٹی کی قیادت وزیر لوکل گورنمنٹ و دیہی ترقی راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کی تھی، حکومت اے کے این ایس اور پریس فاؤنڈیشن کی جانب سے معاملہ میں کردار ادا کرنے پر مشکور ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سید آفاق حسین شاہ کی والدہ محترمہ کی وفات پر ان کے گھر جاکر فاتحہ خوانی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔
اس موقع پر وزراء حکومت فیصل ممتاز راٹھور، نثار انصرابدالی، سردار عامر الطاف، سردار میر اکبر اور چوہدری قاسم مجید بھی موجود تھے۔ چوہدری انوار الحق نے کہا کہ افضل بٹ ذمہ دار شخصیت ہیں، یہ بھی اچھا ہے کہ معاملہ عدالت میں چلا گیا، عدالتوں کا احترام مقدم ہے، پی ایف یو جے کی قیادت کو احتجاج سے قبل منانے کی ہر ممکن کوشش کی، صحافتی تنظیمیں حکومتی کاوشوں سے آگاہ ہیں، معاملہ کو مذاکرات سے حل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی، افضل بٹ کو ایک کریڈٹ جاتا ہے کہ انہوں نے آزادکشمیر میں ریاستی اور غیر ریاستی بحث کا خاتمہ کردیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف کسی قسم کی کوئی سازش برداشت نہیں کریں گے، کشمیریوں کا مملکت خداداد پاکستان سے رشتہ کمزور نہیں ہونے دیں گے
نظریہ کا مکمل پاسدار ہوں، آئینی ذمہ داریاں نبھانے میں کوتاہی نہیں برتوں گا، امن و امان کے لیے پولیس اور دیگر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، عوام اور حکومت مل کر امن و امان کو بحال رکھنے کے لیے کردار ادا کریں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584310