کراچی۔ 25 اگست (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی انیق احمد خان نے کہا ہے کہ جڑانوالہ واقعے میں ملوث افراد کو بخشا نہیں جائے گا، اب تک 177 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو کراچی پریس کلب (کے پی سی)کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کے پی سی کے صدر سعید سربازی اور سیکرٹری شعیب احمد بھی موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیر اعظم نے کسی خوف اور طرفداری کے بغیر کام کرنے کی ہدایت کی ہے۔انیق احمد نے کہا کہ نگراں وزیراعظم اور وزراء کے ساتھ ساتھ علمائے کرام، عوام اور سیاستدانوں نے جڑانوالہ واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری سمیت تمام اقلیتیں برابر کے شہری ہیں اور ر ان کا تحفظ ملک کے دیگر تمام شہریوں کی طرح اہمیت کا حامل ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان صوفیوں کی سرزمین ہے اور ہم معاشرے سے بنیاد پرستی اور عدم برداشت کے خاتمہ کے لئے کوشاں ہیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی پذیر ملک نہیں دیکھنا چاہتا۔ انیق احمدنے کہا کہ ملک کو بے شمار چیلنجز کا سامنا ہے اور ان پر قابو پا لیا جائے گا۔
سعودی عرب کے وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق بن فوزان الربیعہ کے حالیہ دورہ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پاکستان ہائوسز کی تعمیر کے سلسلے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے گئے ہیں۔ انیق احمد نے بتایا کہ مسجد الحرام کی توسیع کے دوران پاکستان کے دو عمارتیں گرائی گئی تھیں جن کی مالیت 166 ملین سعودی ریال بنتی ہے تاہم انہوں نے سعودی حکام سے کہا ہے کہ وہ پاکستان کو رقم کی ادائیگی کی بجائے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں پاکستان ہائوسز تعمیر کروائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ سعودی حکومت روڈ ٹو مکہ پروجیکٹ کے تحت اسلام آباد سے حجازمقدس جانے والے حجاج کرام کو خصوصی سہولیات فراہم کررہی ہے، ہم ملک کے دیگر شہروں سے جانے والے پاکستانیوں کو بھی یہ سہولت فراہم کرنے کے لئے سعودی حکام سے رابطے میں ہیں اور اس سلسلے میں مذاکرات کا عمل جاری ہے۔قبل ازیں انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے اور وہ کراچی پریس کلب (کے پی سی)سے قریبی تعلق رکھتے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ کے پی سی کے مسائل وزیر اعظم تک پہنچانے اور ان کے حل کے لئے اپنا کردار اد کریں گے۔