جڑواں شہروں میں انسدادپولیو مہم اختتام پذیر، ہدف سے 11 فیصد زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے،ڈپٹی کمشنر ز کامشترکہ جائزہ اجلاس

74
جڑواں شہروں میں انسدادپولیو مہم اختتام پذیر، ہدف سے 11 فیصد زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے،ڈپٹی کمشنر ز کامشترکہ جائزہ اجلاس

اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):جڑواں شہروں راولپنڈی اور اسلام آباد میں انسدادپولیو مہم کامیابی سے اختتام پذیر ہو گئی۔ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) اسلام آبادعرفان میمن اورڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ کی زیر صدارت مشترکہ جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔

اتوار کو ہونے والے اجلاس میں پولیو ورکرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا اور دوران مہم شہریوں کے بھرپور تعاون کو بھی سراہا گیا۔اجلاس میں مہم کے دوران پولیو ورکرز کو درپیش چیلنجز کا بھی جائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں انسداد پولیو مہم کے ہدف کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ پولیو ٹیموں کی جانب سے ہدف سے 11 فیصد سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے،ہدف 4 لاکھ 61 ہزار 125 تھا جبکہ دوران مہم پولیوٹیموں کی جانب سے 5 لاکھ 10 ہزار 659 بچوں کو پولیوسے بچائو کے قطرے پلائے گئے۔

اجلاس میں 706 انکاری کیسز کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی،تمام انکاری کیسز کو قائل کرنے کے بعد قطرے پلائے گئے۔ ڈی سی اسلام آبادعرفان میمن نے کہا کہ انسدادپولیو مہم کے کامیابی سے مکمل ہونے کا سہرا پوری ٹیم کو جاتا ہے، پولیو ورکرز ہر ایک گھر، سکول اور عوامی مقامات پر موجود رہے۔

ڈی سی راولپنڈی حسن وقار چیمہ نے کہا کہ پولیو ورکرز کے ساتھ شہریوں کا تعاون بھی بھرپور رہا جس کا فائدہ یہ ہوا کہ ہدف سے 11 فیصد سے زائد بچوں کو قطرے پلائے گئے۔