اسلام آباد ۔ 11 اگست (اے پی پی) جڑواں شہروں میں جشن آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئیں، سبز ہلالی پرچموں کی فروخت میں اضافہ ہو گیا، پرچموں کی فروخت کے سٹالز قائم کر دیئے گئے۔ منگل کو ”اے پی پی” کے سروے کے دوران شہریوں نے بتایا کے اس کی اہمیت کے پیشِ نظر پورا سال انتظار رہتا ہے، اس دن اﷲ تعالیٰ نے ہمیں پاکستان عطا کیا، جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے۔ اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس کے رہائشی محمد عمران نے بتایا کے 14 اگست کی آمد کے ساتھ ہی میں نے پرچموں اور جھنڈیوں کا سٹال لگایا ہے۔ انہوں نے بتایا کے بچوں اور بڑوں میں اس دن کی اہمیت یکساں ہے۔ انہوں نے بتایا کے ان کے سٹال پر رش رہتا ہے اور ان کی آمدنی میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔ ایک اور شہری ندیم افضل نے بتایا کہ وہ ہر سال 14 اگست سے قبل پاکستانی پرچموں اور جھنڈیوں کا سٹال قائم کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کی مناسبت سے شہری بہت پرجوش ہوتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے سٹال پر سبز ہلالی پرچم خریدنے والوں کی آمد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی طلب پر سٹال پر اس دن کی مناسبت سے سٹیکرز، جھنڈیاں اور پرچم دستیاب ہیں۔