اسلام آباد ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی) ربیع الاول کے بابرکت مہینے کا آغاز ہوتے ہی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور جڑواں شہر راولپنڈی کے شہریوں نے حضور نبی پاکۖ کا یوم ولادت مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منانے کی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے۔ نبی پاک کا یوم ولادت 12 ربیع الاول اتوار 10 نومبر کو منایا جائے گا۔ لوگوں نے اس بابرکت موقع پر گھروں میں چراغاں کرنے کے ساتھ ساتھ محافظ کا انعقاد شروع کر دیا ہے۔ مساجد میں خصوصی محافل منعقد ہوں گی جن میں ذکر و نعت کے ساتھ ساتھ علمائے کرام حضور نبی پاکۖ کے اسوہ حسنہ اور سیرت طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کریں گے۔ واضح رہے کہ حضور نبی پاک ۖ کا یوم ولادت منانے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ آپۖ کی حیات طیبہ اور اسوہ حسنہ پر عمل پیرا ہوا جائے اور قرآن و سنت کی روشنی میں زندگیاں ڈھالی جائیں۔