جڑواں شہروں میں زندہ چکن کی قیمت 420 روپے فی کلو، انڈوں کی قیمت 280 روپے فی درجن تک پہنچ گئی، سروے رپورٹ

139
egea

اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):جڑواں شہروں میں زندہ چکن کی قیمت 420 روپے فی کلو اور انڈوں کی قیمت 280 روپے فی درجن تک پہنچ گئی۔

اے پی پی سروے کے مطابق مرغی کا گوشت اوپن مارکیٹ میں 700 سے 710 روپے فی کلو تک فروخت ہورہاہے۔ مرغیوں اور انڈوں کی قیمت گزشتہ کئی ماہ سے بالترتیب 420روپے فی کلو اور 280 روپے فی درجن کے قریب ہے۔ رمضان المبارک شروع ہونے کے بعد پولٹری مصنوعات کی قیمتوں میں 20 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔

سروے کے مطابق جڑواں شہروں میں گزشتہ دو ماہ کے دوران مرغی کی قیمت میں 24 فیصد اضافہ ہواہے جب کہ اسی عرصے کے دوران انڈوں کی قیمت میں 30 فیصد کے قریب اضافہ ہوا۔ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن (پی پی اے) کے سابق چیئرمین ڈاکٹر سجاد ارشد نے ’’اے پی پی ‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پولٹری کی موجودہ قیمتوں میں اضافہ طلب اور رسد کے عنصر کی وجہ سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں پولٹری سے متعلق مداخل اور کاروبار کرنے کی لاگت میں اضافہ سے مارکیٹ بحران کا شکار ہے۔ چکن کے کاروبار سے وابستہ بہت سے لوگ بالخصوص چھوٹے کاروباری موجودہ بحران سے متاثر ہوئے ہیں اوراس تناظر میں متعدد پولٹری فارمز بند کر دیئے گئے۔ بیرونی ممالک سے درآمد کیے جانے والے پولٹری فیڈ کے اجزاء بہت مہنگے ہیں جن میں سویا بین اہم ہے۔ سویابین کے بہت سے جہاز کراچی بندرگاہ پر رک گئے ہیں جس کا پولٹری کی قیمتوں پر اثر پڑتا ہے۔