جڑواں شہروں میں سٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں ملوث ریکارڈ یافتہ دو ملزمان گرفتار، مال مسروقہ برآمد

81

راولپنڈی۔24جنوری (اے پی پی):تھانہ رتہ امرال پولیس نے جڑواں شہروں میں سٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ملوث دو ملزمان گرفتار کر لئے ۔تفصیلات کے مطابق تھانہ رتہ امرال کے علاقہ میں رات گئے 2 موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی۔جوابی فائرنگ کے نتیجے میں 2 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیاجبکہ 2 فرار ہو گئے۔ زخمی حالت میں گرفتار ملزمان کی شناخت جواد اور حبیب کے نام سے ہوئی جو جڑواں شہروں میں سٹریٹ کرائم کی درجنوں وارداتوں میں ریکارڈ یافتہ اور مطلوب ہیں۔ ملزمان سے 26 مسروقہ موبائل فون،01 لیپ ٹاپ اور اسلحہ برآمدہوا، ملزمان سے برآمد موٹر سائیکل بھی چند روز قبل شہری سے گن پوائنٹ پر چھینا گیا تھا

ملزمان کے دو فائر ہیڈ کانسٹیبل عرفان کی چھاتی پر بھی لگے جو بلٹ پروف جیکٹ کی وجہ سے محفوظ رہے۔ واقعہ کی اطلاع پر سینئر پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے۔ زخمی ملزمان کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے، فرار ملزمان کی گرفتاری کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا۔ ملزمان کی فائرنگ کے باوجود انتہائی بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے مطلوب سٹریٹ کریمنلز کی گرفتاری اور وارداتوں میں مسروقہ مال کی برآمدگی پر سی پی او سید خالد ہمدانی نے ایس پی راول، ڈی ایس پی سٹی اور رتہ امرال پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں اور پولیس پر حملہ کرنے والے قانون سے نہیں بچ سکتے، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت اولین ذمہ داری ہے جس کے لئے راولپنڈی پولیس ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔