اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں نے آموں کی لذتوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ ساتھ "پھلوں کے بادشاہ” کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ آم کی رسیلی لذتوں نے ہر عمر کے افراد کو خوشیاں ہی فراہم کی ہیں۔ مقامی بازاروں میں آموں کی شاندار نمائش خریداروں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہے اوردکانداروں کی جانب سے آم کی مشہور اقسام چونسہ، سندھڑی اور انور رٹول سے لے کر قیمتی لنگڑا، فضلی اور دوسہری سمیت ہر قسم کی نمائش کی جا رہی ہے ،شہریوں کو آم کی ہر مقبول قسم آسانی سے دستیاب ہے۔
آم کے شوقین افراد چونسہ کی مٹھاس، سندھڑی سمیت دیگر مختلف اقسام کے ذائقوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔اسلام آباد سے آم کی شوقین سارہ علی نے کہا کہ آم ہمارے لیے موسم گرما کا ایک اہم پھل ہیں اور گرمی کے موسم میں پکے ہوئے رسیلے چونسہ سے لطف اندوز ہونے سے بہتر اور کوئی بھی پھل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آم صرف ایک پھل ہی نہیں ہے بلکہ یہ ہماری ثقافت کا حصہ ہے اور ہر کوئی سارا سال اس موسم کا منتظر رہتا ہے۔جڑواں شہریوں کے بہت سے رہائشیوں کے لیے باغ میں بیٹھ کر آم کا مزہ چکھنے کے حوالہ سے گزرے بچپن کی گرمیوں کی یادوں کا ایک ذریعہ بھی ہے۔ راولپنڈی کے ایک رہائشی نے کہا کہ مجھے آموں کی مختلف اقسام کو آزمانا پسند ہے جیسا کہ گزشتہ ہفتے میں نے سندھڑی اور رواں ہفتہ میں انور رٹول سے لطف اندوز ہو رہا ہوں، آم کی ہر قسم کا اپنا ایک الگ ذائقہ ہے۔
انہوں نے کہا میں ہفتہ بھر کیلئے مختلف اقسام کے آم خریدنے کو ترجیح دیتا ہوں۔اسلام آباد کی F-6 مارکیٹ میں پھل فروش محمد علی نے کہا کہ ہم اعلیٰ معیار اور ذائقے کو یقینی بنانے کے لیے سندھ اور پنجاب کے بہترین باغات سے آم خریدتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک سیزن بہت اچھا گزر رہا ہے ، چونسہ اور سندھڑی سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اقسام میں شامل ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں برسوں سے آم فروخت کر رہا ہوں اور رواں سیزن کی ایک بہترین بات ہے کہ بہت سارے خریدار بار بار آ رہے ہیں اور وہ معیار اور ذائقہ سے خوش ہیں۔انہوں نے کہا کہ آم موسم گرما کا ایک اہم پھل ہیں،چونسہ کی مٹھاس ہو یا سندھڑی کا منفرد ذائقہ جڑواں شہروں کے عوام پھلوں کے بادشاہ کی ہر قسم سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔\395