کوئٹہ۔ 08 جنوری (اے پی پی):جھل مگسی میں انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ طور پر افتتاح کر دیا گیا۔ اسسٹنٹ کمشنر گنداواہ محمد صادق کبدانی، ضلعی ناظم صحت ڈاکٹر رخسانہ مگسی ، ڈسٹرکٹ سپورٹ منیجر (پی پی ایچ آئی)تنویر احمد بلیدی ویگر محکمہ صحت کے آفیسران کے ہمراہ بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔
ڈپٹی کمشنر جھل مگسی اعجاز سرور، اسسٹنٹ کمشنر گنداواہ محمد صادق کبدانی اور ضلعی ناظم صحت ڈاکٹر رخسانہ مگسی نے مشترکہ جاری کردہ بیان میں کہا کہ پولیو ٹیمیں اپنے فرائض خوش اسلوبی کیساتھ سر انجام دے کر جھل مگسی کے پانچ سال تک کی عمر کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں مصروف عمل رہیں
، کوتاہی و غفلت برتنے والی ٹیموں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ،والدین اپنے پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلا کر اپنے مستقبل کے معماروں کو عمر بھر کی معذوری سے بچانے میں اہم کردار ادا کریں تاکہ وطن عزیز سے اس موذی مرض کا جڑ سے خاتمہ ممکن ہو۔