جہلم۔ 12 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے کہا ہے کہ ضلع جہلم میں عید الاضحی کے موقع پر 3192 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔ اس مقصد کے لیے 594 گاڑیاں اور مشینری کے ساتھ ساتھ 1667 اہلکار تعینات کیے گئے تھے ۔
یہ بات ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے ضلع جہلم کے صحافیوں کے ساتھ منعقدہ ایک میٹنگ میں بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر پنجاب بھر کی طرح ضلع جہلم میں بھی عید سے قبل تمام انتظامات کو حتمی شکل دی گئی، انتظامی طور پر عید کے موقع پر پر سب سے بڑا چیلنج قربانی کی آلائشوں کو ٹھکانے لگانا تھا جس کے لیے ضلعی انتظامیہ نے 1667 اہلکاروں جن میں راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کے علاوہ میونسپل کمیٹی ضلع کونسل اور تحصیل کمیٹیوں کے ملازم بھی شامل تھے پر مشتمل ایک سکواڈ بنایا جن کو 594 ٹریکٹر ٹرالیوں ، منی ٹپر، لوڈر ڈمپر سمیت دیگر مشینری کی مدد حاصل تھی۔
تین روزہ آپریشن کے دوران تحصیل جہلم سے 1228 ٹن تحصیل دینہ سے 786 ٹن تحصیل سوہاوہ سے 583 ٹن اور تحصیل پنڈ دادن خان سے 645 ٹن الائشیں اٹھائی گئیں شہریوں کو آلائشوں کو جگہ جگہ پھینکنے سے روکنے کے لیے باقاعدہ آگاہی مہم چلائی گئی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میثم عباس نے صحافیوں کو بتایا کہ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے آلائشوں کو محفوظ کرنے کے لیے ڈیڑھ لاکھ سے زائد بائیو ڈی گریڈ ایبل بیگ گھر گھر اور مختلف پوائنٹس پر تقسیم کیے گئے، شہریوں کی جانب سے 5 ہزار سے زائد شکایات موصول ہونے پر تمام شکایات کا موقع پر ازالہ کیا گیا ۔
جس کے بعد شہر بھر کی سڑکوں کو دھویا گیا اور عرق گلاب سے معطر کیا گیا ۔ ڈپٹی کمشنر میثم عباس نے بتایا کہ عید الاضحی کے موقع پر تمام ضلعی انتظامیہ اور خاص طور پر صفائی پر مامور عملہ کی کارکردگی شاندار رہی ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے صفائی عملہ کی شاندار کارکردگی کے اعتراف میں فی کس دس دس ہزار روپے دینے کا اعلان خوش آئند ہے اور بلاشبہ تمام عملہ صفائی اس انعام کا حق دار ہے