اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ جہلم میں ایشیاءکا سب سے بڑا جدید ترین ”بائیو سائنس پارک “ قائم کیا جائیگا۔ملکی بزنس اور معیشت کی ترقی میں ٹیکنالوجی کے استعمال کا اہم کردار ہے لیکن بدقسمتی سے ماضی میں اس سیکٹر میں پیشرفت کو نظر انداز کر دیا گیا۔۔یہ بات انہوں نے منگل کو یہاں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی و السونز گروپ اور تاتسونو کارپوریشن جاپان کے مابین سافٹ وئر اور آٹو میشن سلوشن سے متعلق تعاون کے معاہدے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیر نے تیل و گیس کے شعبوں میں جاپانی ٹیکنالوجی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے بچپن میں ہی ملک ہر جگہ صرف جاپانی ٹیکنالوجی کے بارے میں ہی سنا ہے۔انہوں نے کہا کہ فلپس بڑا نام ہے اور ترقی پذیر ممالک بالخصوص پاکستان میں بلب تیار کرنے میں اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے درآمدی بزنس میں نئی راہیں کھولیں ہیں جبکہ ہماری حکومت نے منی لانڈرنگ اور انڈر انوائسنگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں ہر کوئی سرکاری نوکری چاہتا ہے،حکومت ہر کسی کو سرکاری نوکری نہیں دے سکتی، نجی شعبہ کو بھی نوکریاں پیدا کرنی ہونگی۔