کراچی۔7فروری (اے پی پی):انگلینڈ کے جیسن روئے نے کراچی پہنچتے ہی طوفانی سینچری بناکر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کوپاکستان سپر لیگ سیزن سیون میں ایک نئی روح پھونک کر لاہورقلندرز کے خلاف 7 وکٹوں کی متاثر کن فتح سے ہمکنار کیا،پلیئرآف دی میچ جیسن روئے نے حاصل کیا، 205 رنز کے ہدف کے حصول میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 3 وکٹوں کے نقصان207 رنز بناکر پورا کیا جبکہ میچ کی تین گیندیں باقی تھیں، جیمس ونس 49 رنز اور محمد نواز25 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے۔
نیشنل اسٹیڈیم میں پیر کو کھیلے گئے پہلے لیگ کے آخری اور 15 ویں میچ میں جیسن نے 115 رنز بناڈالے اور تقریباً تن تنہا اپنی ٹیم کو میچ جیتوایا۔ روئے نے صرف 57 گیندوں پر 11 چوکوں اور 8 بلندوبالا چھکوں کے ذریعے تماشائیوں کا جی خوش کردیا۔لیگ میںیہ کسی بھی بیٹر کی یہ 12ویں سینچری ہے۔
روئے نے 49 گیندوں پر سینچری بناکر کیمرون ڈیلپورٹ کا ریکارڈ برابر کیا۔ جنوبی افریقہ کے رائیلی روسو کو 43 گیندوں پر لیگ کی تیز ترین سینچری بنانے کا اعزازحاصل ہے۔
جیسن روئے جو چھ روز قبل ویسٹ اینڈیز کے خلاف انگلینڈ کی نمائندگی کر کے کراچی پہنچے تھے، نے آتے ہی دھواں دھار بیہٹنگ کے ذریعے لاہورقلندرز کی شاہین شاہ آفریدی، حارث رئوف، راشدخان پر مشتمل بالنگ کو دھوکر رکھ دیا۔
شاہین اور حارث نے اپنے 4، 4 اوورز میں باالترتیب 40 اور 48 رنز دئیے لیکن کوئی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکے۔ شہرہ آفاق لیگ اسپین بالر راشد خان نے 32 رنز دیکر کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ جیسن روئے نے ایک بڑے اسکور کے سامنے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پاور پلے کے پہلے چھ اوورز میں 74 رنز کا ایک خوابانہ اسٹارٹ فراہم کیا۔
انگلش اوپنر جیسن روئے جو حال ہی میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے بعد پاکستان پہنچے ہیں، نے یہاں پہنچتے ہی اپنے پہلے ہی میچ میں تابڑتوڑ ہٹنگ کے ذریعے تماشائیوں کے دل موہ لئے۔ رائے نے اپنی برق رفتار نصف سینچری صرف 20 گیندوں پر مکمل کی۔ دوسرے جانب احسان علی ان کی ہٹنگ کو دیکھ کر سیکھتے رہے ۔
احسان چھٹے اوور میں 8 گیندوں پر صرف 7 رنز بناکر آئوٹ ہوگئے لیکن وہ جیسن کی دلکش بیٹنگ سے محظوظ ہوئے ۔جیسن اور جیمز ونس کے درمیان 63 گیندوں پر 96 رنز کی پارٹنرشپ بنی۔ جیمز ونس نے 31 گیندوں پر4 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنائے۔جیمس ونس نے 38 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 5 چوکے لگائے۔
نواز نے 2 چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 12گیندوں پر ناقابل شکست 25 رنز بنائے۔ کوئٹہ نے ٹاس جیت کر لاہورقلندرز کو پہلے بیٹنگ کے لئے بھیجا ۔ فخرزمان نے لیگ میں اپنی بھرپورفارم کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے ایک بار پھر 70 رنز کی اننگز کھیلی اور اس کے ساتھ 376 رنز کے ساتھ لیگ کے ٹاپ اسکورر بن گئے۔
فخر اور عبداللہ شفیق نے قلندرز کوابتدائی 6 اوورز کے پاور پلے میں قدر سلو 44 رنزکا اسٹارٹ فراہم کیا۔عبداللہ شفیق نے 27 گیندوں پر ایک چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 32 رنز بنائے۔149 کے مجموعی اسکور پر فخر ایک اچھی اننگز کھیلنے کے بعد 45 گیندوں پر 3 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 70 رنز بناکر غلام مدثر کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
پہلے 10 اوورز میں لاہورقلندرز نے 85 رنز بنائے اور 15 اووورز میں ان کا اسکور 126 رنز تھاتاہم اس کے بعد ہیری بروک اور ڈیوڈ ویزانے گلیڈی ایٹرز کی بالنگ کے پرخچے اڑادئیے اور آخری 5 اوورز میں 78 قیمتی رنز بناکر ٹیم کے اسکور کو5 وکٹوں کے نقصان پر 204 تک پہنچادیا۔
بروک نے لیوک ووڈ کے 19ویں اوور میں 24 رنز بنائے جس میں 2 چوکے اور اتنے ہی چھکے شامل تھے۔ بروک نے 17 گیندوں پر 4 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے نا قابل شکست 41 رنز بنائے جبکہ ڈیوڈ ویزا نے 9 گیندوں پر ایک چوکے اور 2 چھکوں کی مدد سے 22 ناٹ آئوٹ رنز بنائے۔
بروک اور ڈیوڈ ویزا کے درمیان 55رنز کی آٹوٹ شراکت محض 20 گیندوں پر بنی۔ کوئٹہ کے بالر غلام مدثر نے 43 رنز دیکر 2وکٹیں حاصل کیں۔