اسلام آباد۔21فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے کہ جیل بھرو تحریک کے اصل مقاصد ایک ڈرامہ رچانا، میڈیا کی توجہ حاصل کرنا، امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنا اور سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا ہے،ملک میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جائے گا اور قانون توڑنے والوں کو گرفتار کیا جائے گا، امن دشمنوں کا ریکارڈ رکھا جائے اور اسے ان کے کیریکٹر سرٹیفیکیٹ میں واضح کیا جائے گا۔ وہ منگل کو یہاں سکیورٹی صورتحال سے متعلق اعلی سطحی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔
اجلاس میں سیکرٹری داخلہ یوسف نسیم کھوکھر، پنجاب، سندھ، کے پی کے اور اسلام آباد کے آئی جیز ، ہوم سیکرٹریز، کمشنر اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں وزیر داخلہ کو پی ٹی آئی کی جیل بھرو تحریک کے تناظر میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ خان نے ہدایت دی کہ قانون توڑنے والوں کے کے خلاف شواہد اکٹھے کر کے عوام کے سامنے لائے جائیں تاکہ قانون شکنوں کا اصل چہرہ بےنقاب ہو، خواتین اور غریب کارکنوں کی گرفتاری سے گریز کیا جائے۔وزیر داخلہ نے کراچی میں دہشت گردی کے حالیہ حملے کو موثر طریقے سے پسپا کرنے میں آئی جی سندھ اور پولیس فورس کے دلیرانہ کردار کو سراہا۔