لاہور۔29نومبر (اے پی پی):وزیراعلی مریم نواز کی ہدایت پر محکمہ داخلہ پنجاب نے جیل ریفارمز کے سلسلے میں قیدیوں کی فلاح کیلئے جیل سائیکالوجسٹ کے ایس او پیز جاری کر دیئے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق پنجاب بھر کی جیلوں میں سینئر اور جونیئر سائیکالوجسٹ تعینات کیے گئے ہیں،جیل آمد کے 24 گھنٹوں میں سائیکالوجسٹ ہر قیدی کا معائنہ کریگا، سائیکالوجسٹ کو قیدی کی کیٹیگری کا تعین کرنے کیلئے پرفارماز دیئے گئے ہیں ،جیل سائیکالوجسٹ ہر قیدی کے جرم، کریمنل ہسٹری اور شخصیت کے مطابق اس کی کیٹیگری کا تعین کریگا۔
ترجمان نے بتایا کہ ہر جیل میں ذہنی صحت مرکز قائم کیا جائیگا جہاں قیدیوں کی ذہنی صحت کی جانچ، تشخیص اور مشاورت ہوگی،تمام جیلوں میں یونیفارم پالیسی کے تحت کارکردگی جانچنے کیلئے ایس او پیز جاری کیے گئے ہیں،سائیکالوجسٹ ذہنی تنائو کے شکار قیدیوں سے بہتر رویے کیلئے جیل عملے کی تربیت کریگا،جیل سائیکالوجسٹ ہر ماہ ہر قیدی کا معائنہ اور کانسلنگ کر کے فائل اپڈیٹ کریگا،سائیکالوجسٹ جیل انتظامیہ کے مشیر اور قیدیوں کی بحالی میں کردار ادا کریں گے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ قیدیوں کو ذہنی تنا ئو اور خود کشی کے رجحانات سے بچا نے اورمنشیات کے عادی یا نفسیاتی مسائل کے شکار قیدیوں کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے،جیل میں قیدیوں کے رویے اور کردار میں بہتری کیلئے کیے گئے اقدامات کو فائل کا حصہ بنایا جائیگا ،جیل سائیکالوجسٹس کو پیرول بورڈ کا ممبر بھی بنا دیا گیا،جیل سائیکالوجسٹ قیدی کی پیرول پر رہائی کے حوالے سے رسک اسیسمنٹ رپورٹ دیگا،
اسی طرح ماہر نفسیات کی معاونت کیلئے پڑھے لکھے جیل وارڈنز کی تعیناتی بھی کی جائے گی،ماہر نفسیات پر تشدد رویے کے حامل اسیران کی کا ئونسلنگ کریگا،اسیرانِ سزائے موت کا ہر ہفتے معائنہ ہوگا اور ہر ماہ کائونسلنگ سیشن کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ نوعمر اور خواتین اسیران کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی،ماہر نفسیات کے فرائض میں شامل ہے کہ اسیران کے جرائم پیشہ رویے کو کونسلنگ کے ذریعے بہتر بنایا جائے۔