جیل کی دیواروں نے بانی پی ٹی آئی کے سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کو ختم کر دیا، عظمی بخاری

63

لاہور۔6فروری (اے پی پی):وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ جیل کی دیواروں نے بانی پی ٹی آئی کے سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت کو ختم کر دیا۔جمعرات کے روزبرسٹر سیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے خط لکھ کر تحریری کھلا این آر او مانگا ہے،ایک ٹولہ محمد نواز شریف اور وزیر اعلی مریم نواز کے بغض میں جل کر راکھ ہوتا رہے گا۔

عظمی بخاری نے کہا کہ جو ڈٹ گیا تھا ہار نہیں مان رہا تھا اب وہ منتیں ترلے کر رہا ہے ، لوگوں کو حقیقی آزادی کے مارکے سنانے والا ذہنی دبا ئو کا شکار ہو چکا ہے،آج ان کے بلڈ پریشر بڑھنے اور سنسناہٹ کے مرض میں مبتلا ہونے کی بھی رپورٹ آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جیل کی دیواروں نے بانی پی ٹی آئی کے سوچنے اور سمجھنے کی صلاحیت کو ختم کر دیا ہے، وہ جیل سے نکلنے کے لیے اپنے تمام کارڈ کھیل چکے ہیں،اب ان کے پاس صرف معافی مانگنے والا کارڈ ہی باقی رہ گیا ہے۔