اسلام آباد۔30نومبر (اے پی پی):پاکستان میں فرانس کے سفارتخانہ اور ایجنسی فرانس ڈویلپمنٹ (اے ایف ڈی) نے جینڈر کلائمیٹ ایوارڈ کے دوسرے ایڈیشن کے کا اعلان کر دیا۔ پاکستان میں یورپی یونین کے وفد، اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام اور لوریل پاکستان کے اشتراک سے شروع 2024 ایڈیشن کے لیے درخواستیں 31 دسمبر 2023 تک وصول کی جائیں گی۔
سول سوسائٹی اتحاد برائے موسمیاتی تبدیلی اس ایوارڈ سے متعلق سرگرمیوں کے انتظام کے لئے عملدرآمد کرنے والے پارٹنر کے طور پر کام کرے گا۔ اس حوالے سے جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق جینڈر کلائمیٹ ایوارڈ 2024 کا مقصد خواتین کی قیادت میں کلائمیٹ کے اقدامات کی حمایت کرنا، ان کے کام کو بڑھانا اور ان کی لگن کو تسلیم کرنا ہے۔
یہ ایوارڈ کلائمیٹ ایکشن اسپیس میں خواتین کے لیے ترقی کے مواقع کو فروغ دینے کی جانب ایک اہم پیش رفت کی نمائندگی کرتا ہے۔ ملک بھر سے تین کیٹیگریز بشمول کلائمیٹ ایکشن، ینگ کلائمیٹ جرنلزم اور گرین انٹرپرائز میں ایوارڈ کے لئے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ سخت اسکریننگ اور انٹرویو کے عمل کے بعد ہر کیٹیگری سے کامیاب امیدواروں کو ان کا کام آگے بڑھانے، مثبت تبدیلی لانے اور صنفی شمولیت کے حامل کلائمیٹ ایکشن کو وسعت دینے کے لئے مالی معاونت دی جائے گی۔
ایوارڈ کے لئے اہلیت ان تمام خواتین کے لئے بڑھائی گئی ہے جو موسمیاتی تبدیلی کی کوششوں میں حصہ ڈال رہی ہیں۔ ینگ کلائمیٹ جرنلزم کی کیٹیگری خصوصی طور پر 35 سال یا اس سے کم عمر کی خواتین کے لئے ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=415372