پیرس۔27مئی (اے پی پی):اٹلی کے نامور ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ون اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر ،ہسپانوی ٹینس سٹار ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز ،یونانی ٹینس سٹار سٹیفانوس اور روسی ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف اے ٹی پی فرنچ اوپن ٹینس کا فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے مینز سنگلز مقابلوں کے دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئے جبکہ امریکی فورتھ سیڈڈ ٹیلر فریٹز ،سوئس ٹینس سٹار سٹانسلاس واورینکا ابتدائی رائونڈ میں ہار کر کامردوں کےسنگلز مقابلوں سے باہر ہوگئے۔
سال کے دوسرے گرینڈ سلام فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ فرانس کے دارلحکومت پیرس میں شروع ہو چکا ہے، جس میں شائقین ٹینس کو انتہائی دلچسپ اور کانٹے دار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔
مینز سنگلز مقابلوں کے پہلے رائونڈ میں اٹلی کے نامور ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ون اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ جینک سنر نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے میزبان حریف ٹینس کھلاڑی آرتھر رنڈرکنچ کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6، 3-6 اور 5-7سے شکست دی، جہاں فاتح کھلاڑی کا مقابلہ ایک مرتبہ پھر فرانسیسی حریف کھلاڑی رچرڈ گیسکٹ سے ہوگا۔ مینز سنگلز ابتدائی رائونڈ کے ایک اور میچ میں ہسپانوی ٹینس سٹار ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن کارلوس الکاراز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اٹلی کے حریف ٹینس کھلاڑی جیولیو زیپیری کو سٹریٹ سیٹس میں 3-6، 4-6 اور 2-6 سےشکست دے کر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا،جہاں ہسپانوی کھلاڑی کا مقابلہ ہنگری کے حریف ٹینس کھلاڑی فیبیان ماروزان سے ہوگا۔
یونانی ٹینس کھلاڑی سٹیفانوس نے بھی پہلی رکاوٹ عبور کرلی،انہوں نے مینز سنگلز ابتدائی رائونڈ کے میچ میں ارجنٹائن کے حریف کھلاڑی ٹامس مارٹن ایچیوری کو سٹریٹ سیٹس میں 5-7، 3-6 اور 4-6 سے مات دی۔ایک اور میچ میں روسی ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف نے آسٹریلین حریف کھلاڑی الیگزینڈر ووکیک کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6، 4-6 اور 4-6 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ کے لئے کوالیفائی کیا۔\932