اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) اقوام متحدہ کے انسداد دہشتگردی کے انتظامی ڈائریکٹوریٹ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جین پال لیبارڈی نے دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ میں پاکستان کی قربانیوں اور کاوشوں کو سراہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو یہاں مشیر خارجہ سرتاج عزیز سے ملاقات کے دوران کیا۔ اس موقع پر خارجہ سیکرٹری اعزاز احمد چوہدری بھی موجود تھے۔ جان پال لیبارڈی نے کہا کہ اقوام متحدہ میں انسداد دہشتگردی پر ہونے والی بحث اور بالخصوص اقوام متحدہ کی عالمی انسداد دہشتگردی حکمت عملی کی منظوری میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو انسداد دہشتگردی میں پاکستان کی کامیابیوں کو نہ صرف سراہنا چاہیے بلکہ پاکستان کے تجربے سے سبق سیکھنا چاہے۔ مشیر خارجہ نے اس موقع پر جغرافیائی اور سیاسی تبدیلیوں کا ذکر کیا جن کی وجہ سے پچھلے کئی عشروں سے خطے میں دہشتگردی کا مسئلہ پیدا ہوا ہے۔