جیو سٹریٹجک صورتحال اور گوادر کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کا یکجا ہونا بہت ضروری ہے،قومی اسمبلی میں بجٹ پر عام بحث کے دوران وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمدکا اظہار خیال

61

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جیو سٹریٹجک صورتحال اور گوادر کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کا یکجا ہونا بہت ضروری ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو الیکشن اصلاحات اور ملکی حالات پر مل بیٹھ کر سر جوڑنا چاہیے اور آپس میں صلاح مشورے کرکے حکمت عملی وضع کرنی چاہیے، ملک کو جتنے بھی اقتصادی مسائل درپیش ہیں اس کی جڑ مہنگی بجلی کے منصوبوں میں ہے، اگر ان منصوبوں کا دوبارہ جائزہ لیا جائے تو ہمارے بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں،

بیک لاگ میں پڑے ویزوں کا مسئلہ حل کیا گیا ہے، تمام ویزے اب آن لائن ہوں گے، آج سے ایگزٹ ویزہ بھی آن لائن ہوگیا ہے تاکہ لوگوں کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے، سابق قبائلی علاقوں میں رجسٹریشن کے لئے موبائل رجسٹریشن کی سہولت دی گئی ہے، ایک دن میں 2180 روپے کی اضافی فیس کے ساتھ اب پاسپورٹ بھی مل رہا ہے، ایم این ایز کو نادرا کے دفاتر کھولنے کا اختیار ہے، پاکستان میں تلخیوں کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے۔

ہفتہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر عام بحث کے دوران وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ انہیں بہت خوشی ہے کہ ان کے مرحوم ساتھی ڈاکٹر شیر افگن نیازی کے فرزند امجد علی خان آج ایوان کو چلا رہے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ مرحوم ڈاکٹر شیر افگن نیازی نے ایوان اور ملک کی خدمت کی ہے، میں نے خود ان سے سیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغان بارڈر پر باڑ لگانے کا کام 88 فیصد مکمل ہو چکا ہے، 30 جون تک باقی کام مکمل ہو جائے گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ افغانستان میں 38 مقامات پر اس وقت لڑائی ہو رہی ہے۔ ۔

وزیراعظم عمران خان نے معاشرے میں بددیانتی اور بدعنوانی کے خلاف اور اصلاح احوال کے لئے کام کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسبلیوں کے اندر جو کچھ ہو رہا ہے ملک کا پڑھا لکھا آدمی اس کو پسند نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا کہ جیو سٹریٹجک صورتحال اور گوادر کے تناظر میں تمام سیاسی جماعتوں اور عوام کا یکجا ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے پاس تمام حکومتیں جاتی ہیں، ہم ویسے ہی ایک دوسرے پر الزام تراشی کرتے ہیں۔ آئی ایم ایف کے پاس جانا مجبوری ہوتا ہے۔ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے لوگوں پر دبائو اس لئے پڑتا ہے

کیونکہ خزانے کے حالات بہتر نہیں ہوتے۔ پہلی مرتبہ ہی ترسیلات زر میں نمایاں اضافے کی وجہ سے دبائو برداشت کیا جارہا ہے۔ بصورت دیگر ہم کشکول لے کر چلتے اور ملک ڈیفالٹ ہو جاتا۔ وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت نے 1963 ءکے بعد پہلی مرتبہ داسو ، دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کے منصوبوں پر کام شروع کیا۔ ان منصوبوں سے سستی بجلی پیدا ہوگی اور آبپاشی کے لئے پانی بھی فراہم ہوگا۔ بجلی سستی ہونے سے بہت سارے مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ احساس ایک اچھا پروگرام ہے، یہ پروگرام دنیا کا چوتھا بڑا سماجی تحفظ کا پروگرام بن چکا ہے۔ پناہ گاہوں اور لنگر خانے کے منصوبے غریب لوگوں کے لئے ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ ہر وزیر کو چاہیے کہ وہ بجٹ کے موقع پر اپنی وزارت میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ ای پاسپورٹ کی طرف ہم جارہے ہیں، بیک لاگ میں پڑے ویزوں کا مسئلہ بھی حل کیا گیا ہے۔ تمام ویزے اب آن لائن ہوں گے۔ ویزوں کی تعداد پہلے لاکھوں میں ہوتی تھی اور اس میں کرپشن بھی ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج سے ایگزٹ ویزہ بھی آن لائن ہوگیا ہے تاکہ لوگوں کو مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

تین لاکھ ویزے جاری کئے گئے ہیں اور تمام بیک لاگ ختم ہوگیا ہے۔ سابق قبائلی علاقوں میں رجسٹریشن کے لئے موبائل رجسٹریشن کی سہولت دی گئی ہے۔ ایک دن میں 2180 روپے کی اضافی فیس کے ساتھ اب پاسپورٹ بھی مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ شناختی کارڈ مفت میں دیا جارہا ہے۔ معذور لوگوں کے لئے بھی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ تمام اضلاع میں نادرا دفاتر کھولنے کا اختیار ایم این ایز کو دیا گیا ہے اور اس میں کسی قسم کی سیاسی تفریق نہیں کی جائے گی۔ جو ایم این اے تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں نادرا دفاتر کھولنے میں سہولت فراہم کریں گے ان کا خیر مقدم کیا جائے گا۔