جیکب آباد۔ 02 فروری (اے پی پی):جیکب آباد میں عام انتخابات 2024 کے حوالے سے ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں ایس ایس پی جیکب آباد قمر رضا جسکانی کی زیر صدارت پولیس افسران سے اجلاس کا انعقاد کیا گیاہے،اجلاس میں ضلع کے تمام ڈی ایس پیز، ایس ایچ اوز، انچارج ڈی آئی بی، ہیڈ محرران اور دیگر تمام متعلقہ پولیس آفیشلز نے شرکت کی،الیکشن سیکیورٹی پلان، اقدامات اور انتظامات، ضابطِ اخلاق، پولیس آفیشلز کی ذمہ داریاں اور فرائض کے بارے میں تفصیلی طور پر آگاہی اور جائزہ لیا گیا،ایس ایس پی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایات جاری کیں اور کہا کہ ووٹرز کی قطار بندی، پولنگ اسٹیشن کی حفاظت کو یقینی بنایا جائیگا،
جبکہ الیکشن امیدوار، ووٹر، پولنگ و الیکشن ایجنٹس، انتخابی عملے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے خاص اجازت نامہ رکھنے والے نمائندگان کے علاوہ کسی غیر متعلقہ افراد کو داخلے کی اجازت نہیں ہوگی،تمام ایس ڈی پی اوز /ایس ایچ اوز کو ہدايت جاری کی گئی ، نگران حکومت سندھ کی جانب سے لگائی گئی دفعہ 144 کے تحت، عام انتخابات کے دوران امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے اسلحہ کی نمائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے،
اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے،تمام ایس ڈی پی اوز/ایس ایچ اوز الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے عام انتخاب 2024 کے حوالے سے جاری کردہ کوڈ آف کنڈکٹ/ضابطہ اخلاق پر سختی سے عمل درآمد کروائیں گے،پولیس آفیشلز پولنگ عملے اور پولنگ کے سامان کی مکمل حفاظت کریں گے اور الیکشن عمل ختم ہونے کے بعد پولیس آفیشلز عملے سمیت پولنگ مواد کو باحفاظت آر او تک پہنچائیں گے، تمام پولیس افسران پولنگ اسٹیشن کا وزٹ کرینگے،
اپنی ڈیوٹی یقینی بنائیں گے،تمام ایس ایچ اوز انتخابات کے دوران پولنگ اسٹیشنز پر ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں کے کھانے پینے اور رہائش کا بہتر انتظام کریں،اگر کسی بھی پولیس تھانے کی حدود میں پولنگ اسٹیشنز یا اسکے باہر کوئی بھی مسئلہ ہو تو متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او فوری پہنچ کر امن و امان کی صورتحال کو قائم رکھیں گے اور ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدرآمد کروائینگے۔