جی ایس پی پلس درجہ حاصل ہونے کے بعد پاکستانی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ، وفاقی وزیر سید نوید قمر کی برسلز میں صحافیوں سے گفتگو

221

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ جی ایس پی پلس درجہ حاصل ہونے کے بعد پاکستانی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ، پاکستان جنوری 2024 سے جی ایس پی پلس کے نئے دس سال کے پروگرام کیلئے خواہش مند ہے ۔ ان خیالات کا اظہار سید نوید قمر نے برسلز میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پلس کے حوالے سے ان کا برسلز کا دوسرا دورہ ہے ، پاکستان پچھلے 8،9سالوں سے جی ایس پی پلس پروگرام کا بینیفشری ہے ۔ اس پروگرام میں ہماری وہ ایکسپورٹس جو یورپی یونین کو جاتی ہیں ان کو رعایتی ٹیرف ملتے ہیں ۔ اس سٹیٹس سے ایکسپورٹس میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے ۔موجودہ پروگرام اگلے سال کے اختتام پر ختم ہوجائے گا اور اس کے بعد ایک نیا پروگرام جنوری 2024 سے شروع ہوگا ، ہم اس نئے دس سال کے پروگرام کیلئے خواہش مند ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جی ایس پی پلس سٹیٹس کیلئے بہت ساری پیشرفت کی ہے جس میں ہیومن رائٹوس ، لیبر رائٹس ، ویمن رائٹس سے امور تعلق رکھتے ہیں ۔نوید قمر نے کہا کہ جب ہم اس پروگرام میں داخل ہوئے تھے تو ہم نے کمٹنٹ دی تھی کہ ان کو پورا کریں گے ، ان شرائط کو کافی حد تک پاکستان نے پورا کر دیا ہے ۔ کچھ قوانین ہیں جن کی قانون سازی ہوگئی ہے اب اگلہ مرحلہ رولز اور اس پر عملدآری ہے ۔ ان شرائط پر عملدرآمد سے پاکستان کو جی ایس پی پلس پروگرام کو جاری رکھنے کا موقع ملتا ہے ۔ مشکل حالات سے نکلنا کا راستہ یہی ہے کہ ہم اپنی تجارت بڑھائیں ۔

دنیا سے بھیک مانگنے اور قرضوں پر انحصار کی بجائے اپنی ایکسپورٹس بڑھا کر اپنی مشکلات پر قابو پاسکتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایس پی پروگرام تجارتی خسارہ پر قابو پانے کی ایک کڑی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب ہمیں رعایتی ریٹ ملتے ہیں تو ہماری مصنوعات مارکیٹ میں مقابلہ کرنے کی پوزیشن میں آجاتی ہیں ۔ اس پروگرام سے ہمیں لیول پلئینگ فیلڈ میسر آتی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی یورپین یونین حکام سے ملاقاتیں ہوں ہر میٹنگ میں سیلاب بات چیت کا لازمی حصہ ہوتا ہے ۔ سیلاب سے تباہی کی تصویریں دیکھ کریورپی حکام کی ہمارے لیے ہمدردیاں ہوتی ہیں ۔ وہ چاہتے ہیں کہ سیلاب کی تباہ حالی کے بعد جس طرح لوگ زندگی بسر کررہے ہیں وہ ان کی بحالی میں مدد کریں ۔

انہوں نے کہا کہ کل میری انوائرمنٹ کمیٹی ، یورپی حکام کے سامنے سیلاب کے تمام معاملات رکھے گی  ۔ یہ اچھا موقع ہے کہ پاکستانی لوگوں کے مسائل پر بات چیت کرنے کا موقع ملے گا ۔ کل کافی بڑا یجنڈا ہے ، یورپی یونین حکام کا ردعمل کافی مثبت رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کے ممالک سیلاب کی تباہ کاریوں میں پاکستان کی مدد کرنیوالے پہلے ممالک میں سے ہیں ۔وفاقی وزیر نوید قمر کی میڈیا بریفنگ کے دوران یورپی یونین کے لیے پاکستان کے سفیر اسد مجید خان بھی موجود تھے ۔