پیرس ۔ 15 مارچ (اے پی پی) دنیا کے سات بڑے صنعتی ترقی یافتہ ممالک کے گروپ جی سیون کے رہنماء کورونا وائرس سے متعلق اپنے ردعمل کو مربوط بنانے کیلئے (کل) پیر کو ایک غیرمعمولی وڈیو کانفرنس کریں گے۔ فارنسیسی خبررساں ادارے کے مطابق اس کانفرنس کا اعلان فرانس کے صدر نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کیا تھا۔ صدر ایمانوئل نے اپنیٹویٹ میں لکھا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور جی سیون کے دیگر تمام رہنماؤں سے اْن کی ٹیلیفون پر بات چیت کے بعد سب نے پیر کے روز ایک وڈیو کانفرنس کے ذریعے غیرمعمولی سربراہی اجلاس منعقد کرنے پر اتفاقِ رائے کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ رہنماء ویکسین اورعلاج معالجے پر تحقیقی کوششوں کو مربوط بنائیں گے اور اقتصادی و مالیاتی ردعمل پر کام کریں گے۔کورونا وائرس کے تیز پھیلاؤ اور بین الاقوامی سفر پر پابندیوں سے عالمی معیشت سے متعلق سنجیدہ تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔ مالیاتی منڈیوں میں حِصص کی قیمتیں گر گئی ہیں اور غیر یقینی پھیل رہی ہے۔ اب توجہ اِس جانب مرکوز ہے کہ آیا جی سیون کے رہنماء وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے اور منڈیوں کو مستحکم کرنے کیلئے مؤثر اقدامات پر متفق ہو سکیں گے یا نہیں۔