جی سیون ممالک کے وزرائے دفاع کا اجلاس، لبنان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کی سلامتی کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار

90
G7 countries
G7 countries

روم ۔21اکتوبر (اے پی پی):جی سیون ممالک کے وزرائے دفاع کا اجلاس اٹلی کے شہر نیپلز میں منعقد ہوا جس میں لبنان میں حالیہ واقعات، کشیدگی میں اضافے کے خطرے اور لبنان میں اقوام متحدہ کے امن دستوں کی سلامتی کو لاحق خطرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ٹی آر ٹی کے مطابق جی 7 وزرائے دفاع کے پہلے اجلاس میں امریکا، جرمنی، فرانس، کینیڈا، برطانیہ، اٹلی اور جاپان، نیٹو کے سیکرٹری جنرل مارک روٹ اور یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزف بوریل نے شرکت کی۔

اجلاس کےبعد جاری بیان میں کہا گیا کہ ہم غزہ میں فوری جنگ بندی، تمام یرغمالیوں کی رہائی، غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی میں نمایاں اور مستقل اضافے اور دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں۔بیان میں غزہ میں انسانی بحران کی روک تھام کے لئے ضروری سیاسی عمل شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا گیا کہ ہم غزہ میں مستقل جنگ بندی کے حصول، سلامتی کی مستحکم صورتحال کو یقینی بنانے اور معصوم شہری آبادی کو انسانی امداد کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے کام جاری رکھنے کی ضرورت کا اعادہ کرتے ہیں۔

بیان میں لبنان میں حالیہ واقعات اور مزید کشیدگی کے خطرے اور امن مشن ( یو این آئی ایف آئی ایل) کی حفاظت کو درپیش تمام خطرات پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔بیان میں کہا گیا کہ امن دستوں کا تحفظ تنازعے کے تمام فریقین کی ذمہ داری ہے۔