جی سی سی وزرا کونسل کا اجلاس ، شام ، لبنان اور غزہ کی صورتحال پرغور

145
جی سی سی وزرا کونسل کا اجلاس ، شام ، لبنان اور غزہ کی صورتحال پرغور

کویت سٹی۔27دسمبر (اے پی پی):جی سی سی وزرا کونسل کا 46 واں غیرمعمولی اجلاس کویت میں منعقد ہوا ،جس میں شام ، لبنان و غزہ کی تازہ ترین صورتحال پر غور کیا گیا۔ اردو نیوز کے مطابق خلیج تعاون کونسل (جی سی سی )کے اجلاس میں شرکا نے شام کی خودمختاری اور سالمیت کی اہمیت پرزور دیتے ہوئے کسی قسم کی بیرونی مداخلت کو مسترد کر دیا۔ اجلاس میں اس بات کی یقین دہانی کرائی گئی کہ شامی عوام کی خواہشات کے مطابق انتقال اقتدار کے لئے کی جانے والی عوامی کوششوں کا مکمل احترام کیا جائے گا۔

وزارتی کونسل نے شام میں شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور قومی مفاہمت و شامی ریاستی اداروں کی سلامتی کےلئے کئے گئے اقدامات کا بھی خیرمقدم کیا نیز شام کو اقتصادی طورپر بااختیار بنانے اور عائد پابندیاں ہٹانے پر بھی زوردیاگیا۔کونسل نے شام اور اس کے سرحدی علاقوں میں مسلسل اسرائیلی حملوں ،مقبوضہ گولان میں توسیع پسندی اور اسرائیلی قبضے کی مذمت کی جو اقوام متحدہ کے چارٹر وبین الاقوامی قوانین اور سلامتی کونسل کی قرار داداوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

کونسل نے لبنان کی خود مختاری اور سالمیت کے حوالے سے جی سی سی ممالک کے موقف کی توثیق کرتے ہوئے اس بات پر زوردیا کہ مکمل سیاسی اور اقتصادی اصلاحات پر عمل درآمد کیا جائے تاکہ علاقہ دہشتگردی اور منشیات کی سمگلنگ کا مرکز نہ بن سکے ایسی سرگرمیاں خطے کے امن و سلامتی کے لیے خطرناک ہوتی ہیں ان کے سد باب کے لیے لبنانی سکیورٹی فورسز کے کردار کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ وزراتی کونسل کے اجلاس میں لبنان پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے سلامتی کونسل و معاہدہ طائف پر عمل درآمد کو یقینی بنانے اور لبنان کی خودمختاری کی اہمیت پرزوردیاگیا ۔

اجلاس کے آخر میں وزارتی کونسل نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ جی سی سی ممالک اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑے ہیں۔ اجلاس میں غزہ پٹی میں جنگ بندی ، اسرائیلی محاصرے کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ تمام سرحدیں غیرمشروط اور فوری طورپر کھولنے پربھی زوردیا گیا تاکہ انسانی بنیادوں پر امدادی کاموں کو تیز کرتے ہوئے ضرورت مندوں تک امداد کی ترسیل کو یقینی بنایا جاسکے ۔

اجلاس میں سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے ہمراہ کویت میں سعودی عرب کے سفیر شہزادہ سلطان بن سعد بن خالد، عرب ممالک کے اداراتی امور کے ڈائریکٹر غازی العنزی ، سعودی سفارت خانے کے ڈائریکٹر سیاسی امور یحیی القحطانی بھی موجود تھے۔