جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں ایچ ای سی آل پاکستان ویمن ہینڈ بال چیمپئن شپ کا آغاز

130
جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں ایچ ای سی آل پاکستان ویمن ہینڈ بال چیمپئن شپ کا آغاز

سیالکوٹ۔24فروری (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں رنگا رنگ تقریب کے بعد ایچ ای سی آل پاکستان ویمن ہینڈ بال چیمپئن شپ کا آغازہو گیا جس میں ایچ ای سی ،صوبہ پنجاب ،کے پی کے ،آزاد کشمیر، واپڈا اور آرمی سمیت دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں ۔

تقریب کی مہمان خصوصی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر تھیں جبکہ مہمان اعزاز ڈائریکٹر سپورٹس ایچ ای سی جاوید میمن ، اولمپئن و سابق کھلاڑی پاکستان ہاکی ٹیم جنید خواجہ اور صدر پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن حاجی شفیق تھے ۔ افتتاحی تقریب میں یونیورسٹی کے تمام شعبہ جات کی طالبات نے اپنے اپنے مخصوص رنگوں میں مارچ پریڈ کر کے مہمان ٹیموں کو خوش آمدید کہا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے تمام مہمانوں اور ٹیموں کو شہر اقبال میں خوش آمدید کہا ۔ اولمپئن و سابق کھلاڑی پاکستان ہاکی ٹیم جنید خواجہ کا کہنا تھا کہ انہیں اس ایونٹ پرآکر بہت خوشی محسوس ہو رہی ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی ایچ ای سی کے ساتھ مل کر یونیورسٹی کی طالبات کےلئے کوچنک اکیڈمی بنائیں گے تا کہ ان طالبات کے ٹیلنٹ کو مزید نکھار سکیں ۔

صدر پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن اور سیکرٹری ایشیا ہینڈ بال فیڈریشن حاجی شفیق نے اولمپکس اور ایشین گیمز میں پاکستان ہینڈ بال ٹیم کی کارکردگی کے بار ے میں بتایا ۔ انہوں نے کامن ویلتھ ہینڈ بال چیمپئن شپ کی افتتاحی تقریب بھی یونیورسٹی میں کروانے کا اعلان کیا۔ ڈائریکٹر سپورٹس ایچ ای سی جاوید علی میمن نے وائس چانسلر اور یونیورسٹی انتظامیہ کو لگاتا ر دو نیشنل چیمپئن شپس منعقد کروانے پر مبارک باد دی اور کہاکہ چئیر مین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار کی ہدایات کے مطابق ایچ ای سی طالبات کےلئے کھیلوں کے مساوی مواقع فراہم کررہی ہے تا کہ یہ بچیاں اس ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کریں ۔

ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ سوشل سائنسز و کنوینر سپورٹس کمیٹی پروفیسر ڈاکٹر یاسر منج نے خواتین کی دونوں چیمپئن شپس کے لئے جی سی ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ کا انتخاب کرنے پر ایچ ای سی کاشکریہ ادا کیا ۔ ایچ ای سی کی جانب سے سپورٹس سکالرشپ چیکس بھی تقسیم کئے گئے ۔

تقریب میں پاکستان ہینڈ بال فیڈریشن کی سیکرٹری ثقلین کوثر ، ڈائریکٹر سپورٹس پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر شبیر سرور ، ایلومینائی ایگزیکٹو ممبران سمیت یونیورسٹی کے تمام شعبوں کے سربراہان اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔افتتاحی تقریب کے بعد میچوں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔