سیالکوٹ۔7مئی (اے پی پی):گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی سیالکوٹ میں نیشنل اکیڈمی فار ہائر ایجوکیشن ،ہائر ایجوکیشن کمیشن اسلام آباد کے اشتراک سے ویمن ایمپاورمنٹ اینڈ مینٹورشپ پروگرام کی اختتامی تقریب منعقد ہوئی۔ پروگرام میں سرپرست اساتذہ اور 26 فیکلٹی و سٹاف خواتین ممبران (مینٹیز)نے حصہ لیا۔ پروگرام کی اختتامی تقریب کی صدارت وائس چانسلر جی سی ویمن یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر شازیہ بشیر نے کی۔ انہوں نے کنوینئر ڈاکٹر عصمہ وحید قریشی ، سرپرست اساتذہ اور مینٹیز فیکلٹی و سٹاف ممبران کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام ہماری فیکلٹی اور سٹاف ممبران کو خود اعتمادی، قیادت اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ایک موثر کوشش رہا ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر نیشنل اکیڈمی فار ہائر ایجوکیشن نور آمنہ ملک نے آن لائن خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حقیقی بااختیاری اس وقت حاصل ہوتی ہے جب آج کی مینٹیز کل کی مینٹورز بن جائیں۔پروگرام کا مقصد یونیورسٹیوں میں کام کرنے والی خواتین کو مزید بااختیار بناناہے تا کہ دفتری معاملات کو زیادہ بہتر انداز سے چلا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم سب کو ہر روز اپنا تجزیہ کرنا چاہیے کہ ہماری کیا خوبیاں ہیں کیا خامیاں ہیں کون سے مواقع تھے اور کن خطرات کا سامنا کرنا پڑا ۔پروگرام کے مختلف ٹریننگ سیشنز میں لیڈرشپ سکلز، ابلاغی مہارتیں، تنازعات کا حل اور پرسنل ڈویلپمنٹ شامل تھے۔ ورکشاپس، انٹرایکٹو سیشنز اور انفرادی رہنمائی نے شرکا کی صلاحیتوں کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکا جنہوں نے اپنی کارکردگی اور عزم کے ذریعے پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیا میں اسناد بھی تقسیم کی گئیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593806