اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):پاکستان کی معروف سرمایہ کاری فرم جے ایس گلوبل کیپٹل لمیٹڈ(جے ایس جی سی ایل)نے سی ایف اے سوسائٹی پاکستان کے زیر اہتمام 21 ویں سالانہ ایکسیلینس ایوارڈز میں بروکریج کیٹیگری کے تمام 5 ایوارڈز میں تاریخی اور بے مثال کامیابی حاصل کی ہے۔ یہ اعزاز پاکستان کے مالیاتی شعبے میں جے ایس گلوبل کی قیادت کو تقویت دیتا ہے اور بروکریج، ریسرچ اور کلائنٹ سروسز میں بہترین کارکردگی کے لیے فرم کے مسلسل عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق جے ایس گلوبل کیپٹل کو جن کیٹگریز میں اعزازات سے نوازا گیا ہے ان میں بہترین برکرویج ہائوس ،بہترین ایکوئیٹی ریسرچ اینالسٹ(امرین سورانی)،بہترین اکنامک ریسرچ ہائوس، بہترین ریسرچ رپورٹ اور بہترین سیلز پرسن (سید فاران رضوی) کی کیٹگریز شامل ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جے ایس گلوبل کیپٹل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر خلیل اللہ عثمانی نے کہا کہ جے ایس گلوبل میں ہم اپنے صارفین کو جدید ترین تحقیقی اور تجارتی سولوشنز فراہم کرتے ہوئے بہترین مالیاتی خدمات فراہم کرنے کی مسلسل کوشش کرتے ہیں، متعدد کیٹگریز میں کامیابی ہمارے لیے ایک بڑا اعزاز اور حوصلہ افزاء ہے کہ ہم معیار کو بلند کرنا جاری رکھیں گے،
میں جے ایس گلوبل کیپٹل کی پوری ٹیم کو ان کی لگن اور سخت محنت کے ساتھ ساتھ اپنی کوششوں کو تسلیم کرنے کے لیے سی ایف اے سوسائٹی کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ جے ایس گلوبل کیپٹل پاکستان کے نمایاں ترین بروکریج ہائوس کے طور پر اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کے لیے مسلسل جدت اور اپنے کلائنٹس اور سٹیک ہولڈرز کو بے مثال قدر فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔