جے یوآئی (ف) کا پورے ملک کو میدان جنگ بنانے کا پلان عوام دشمنی ہے،گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور

57

لاہور۔6 اکتوبر(اے پی پی )گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ جے یوآئی (ف) کا پورے ملک کو میدان جنگ بنانے کا پلان عوام دشمنی ہے، ان کا ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے کا ایجنڈہ کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائیگا، پاکستانی عوام بھی ان کے ایجنڈے کو مسترد کرتے ہیں، امید ہے جمہوری اور عوامی سوچ رکھنے والی کوئی بھی جماعت جے یوآئی (ف) کا ساتھ نہیں دے گی۔ وہ اتوار کے روز لا ہور میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری سے اپنی رہائش گاہ پرملاقات کے دوران گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات کے دوران سیاسی اور حکومتی امور سمیت دیگر ایشوز کے بارے میں بات چیت کی گئی۔ گور نر پنجاب سے اورسیز پاکستانیوں کے وفود نے بھی ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر چوہدری اسلم ،گلاسکو سے محمد ممتاز اورلندن سے چوہدری پرویز سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ اورسیزپاکستانیوں نے گور نر پنجاب کو اپنے مسائل اور حکومتی اقدامات کی وجہ سے ملنے والے ریلیف کے بارے میں بھی بتایا جبکہ گورنر نے ملاقات کر نیوالوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان ملک کو مشکل تر ین معاشی حالات سے نکال کرترقی کی راہ پرگامزن کر رہے ہیں مگر بد قسمتی سے انتشار اور فساد کی سوچ رکھنے والی بعض اپوزیشن جماعتیں ملک کو عدم استحکام کا شکار کر نے کی سازشیں کر رہی ہیں جو کسی بھی صورت ملک وقوم سے دوستی نہیں، ان کی سیاست سے ملک و قوم کو نقصان ہی ہوگا۔