حارث سہیل کی سنچری رائیگاں، آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے میچ میں 8 وکٹوں سے ہرا دیا

89
کراچی ٹیسٹ، پاکستان کا ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ، قومی ٹیم میں 4 تبدیلیاں

شارجہ ۔ 22 مارچ (اے پی پی) ایرون فنچ کی شاندار سنچری اور شان مارش کی ذمہ دارانہ بیٹنگ کی بدولت آسٹریلیا نے پاکستان کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 8 وکٹوں سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، پاکستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 280 رنز بنائے، حارث سہیل نے ڈٹ کر کینگروز باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور کیریئر کی پہلی سنچری سکور بنا کر ٹیم کے ٹوٹل کو فائٹنگ بنا دیا، جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 49 اوورز میں محض 2 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا، 63 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد فنچ اور شان مارش نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 172 رنز جوڑ کر میچ گرین شرٹس کی پہنچ سے دور کر دیا، فنچ 116 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے لیکن شان مارش ڈٹے رہے، انہوں نے پیٹر ہینڈز کامب کے ساتھ مل کر 46 ناقابل شکست رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح دلائی، شان مارش 91 اور ہینڈز کامب 30 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ فنچ میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ جمعہ کو شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستانی کپتان شعیب ملک نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، پاکستانی ٹیم جب میدان میں اتری تو امام الحق اور شان مسعود ٹیم کو 35 رنز کا آغاز فراہم کر سکے، امام الحق 17 رنز بنانے کے بعد نیتھن لیون کی گیند پر کیچ آﺅٹ ہوئے، اس موقع پر شان مسعود نے حارث سہیل کے ساتھ مل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی لیکن 78 کے سکور پر کولٹرنیل نے مسعود کو آﺅٹ کر دیا، وہ 40 رنز بنا سکے، اس موقع پر حارث سہیل اور عمر اکمل نے میدان سنبھالا، دونوں بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے تیسری وکٹ کی شراکت میں 98 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 176 تک پہنچا دیا، 176 کے مجموعی سکور پر گرین شرٹس کا تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جب عمر اکمل جو کہ اچھی بیٹنگ کر رہے تھے 48 رنز بنانے کے بعد کیچ آﺅٹ ہو گئے، کپتان شعیب ملک ایک چھکا اور ایک چوکا لگانے کے بعد 11 رنز بنا کر چلتے بنے، انہیں میکسویل نے نشانہ بنایا، فہیم اشرف 28 رنز بنا سکے، حارث سہیل نے ڈٹ کر کینگروز باﺅلرز کا مقابلہ کیا اور کیریئر کی پہلی سنچری مکمل کی، وہ 101 اور عماد وسیم 28 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، نیتھن کولٹر نیل نے 2، جہی رچرڈسن، نیتھن لیون اور میکسویل نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں آسٹریلوی ٹیم نے مطلوبہ ہدف 49 اوورز میں 2 وکٹوں پر پورا کیا، کپتان ایرون فنچ اور عثمان خواجہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 63 رنز کا آغاز فراہم کیا، فہیم اشرف نے اپنے پہلے ہی اوور کی پہلی گیند پر عثمان خواجہ کو آﺅٹ کر کے اہم پارٹنرشپ توڑ دی، انہوں نے 24 رنز بنائے، اس موقع پر شان مارش نے فنچ کا ساتھ دیا، دونوں بلے بازوں نے انتہائی شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کی شراکت میں 172 قیمتی رنز جوڑ کر سکور 235 تک پہنچا کر میچ کا نقشہ بدل دیا، فنچ 116 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئے لیکن شان مارش نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کے تسلسل کو برقرار رکھا اور ہینڈز کامب کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ میں 46ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی، مارش 91 اور ہینڈزکامب 30 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، محمد عباس اور فہیم اشرف نے ایک، ایک کھلاڑی کو آﺅٹ کیا۔
waa/nmq 2354