حافظ آباد، ٹرانسپورٹرز گاڑیوں میں ایل پی جی گیس استعمال کر کے مسافروں کی زندگیوں سے کھیلنے لگے

120
Raid on LPG refilling point
Raid on LPG refilling point

حافظ آباد۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):حافظ آباد، متعددٹرانسپورٹرز گاڑیوں میں ایل پی جی گیس استعمال کر کے مسافروں کی زندگیوں سے کھیلنے لگے۔ حکومت نے گیس سلنڈرز سے گاڑیاں چلانے پر مکمل پابندی عائد کررکھی ہے لیکن حافظ آباد ضلع کے مختلف روٹس پر چلنے والی بے شمار گاڑیوں میں اب بھی گیس سلنڈرز نصب دیکھائی دیتے ہیں جبکہ ساگر روڈ اور گوجرانوالہ روڈ پر بااثر افراد نے گاڑیوں میں نصب ان سلنڈرز میں ایل پی جی گیس بھرنے کا سلسلہ اب بھی جاری رکھا ہواہے۔

جہاں پر رات کے وقت اور علی الصبح گاڑیوں میں رکھے سلنڈرز میں ایک منظم طریقے سے گیس بھرواکے مسافروں کی زندگیوں سے کھیلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔لیکن ابھی تک آرٹی سیکرٹری اور ان کا عملہ ضلع بھر میں اس مذموم دھندے کو روکنے میں مکمل ناکام دکھائی دیتا ہے۔ جس پر مسافروں اور شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بھر میں گاڑیوں میں نصب گیس سلنڈرز اتروائے جائیں اور جو بااثر افراد گاڑیوں کے سلنڈرز میں گیس ری فلنگ کے مذموم دھندے میں ملوث ہیں ان کے خلاف مقدمات درج کروائے جائیں۔