اسلام آباد۔8دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی و شرق وسطیٰ اور پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ طاہر محمود اشرفی نے منگل کو یہاں متحدہ عرب امارات کے قائم مقام سفیر راشد عبدالرحمان آل علی سے ملاقات کی اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات اور عالم اسلام، عالم عرب کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ پاکستان علماء کونسل کی طرف سے جاری بیان کے مطابق متحدہ عرب امارات کے قائم مقام سفیر راشد عبدالرحمان نے حافظ طاہر محمود اشرفی کے متحدہ عرب امارات کے سفارت خانہ کے دورہ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات دو قوموں کے تعلقات ہیں جو روز و شب مضبوط ہو رہے ہیں۔ دورہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے تعلقات دو بھائیوں کے تعلقات ہیں، پاکستان کو متحدہ عرب امارات کی سلامتی اور استحکام بہت عزیز ہے اور پاکستان عالم عرب اور عالم اسلام کے درمیان پیدا ہونے والے تمام مسائل کا حل باہمی مذاکرات اور مفاہمت سے چاہتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ ویزوں کے حوالے سے معاملات طے ہو گئے ہیں۔ وزیراعظم کےمشیر ذوالفقار عباس بخاری اور متحدہ عرب امارات کے وزیر برائے لیبر کے درمیان معاملات طے پا گئے ہیں۔ وزارت خارجہ اور وہ خود متحدہ عرب امارات کے ذمہ داران کے ساتھ رابطہ میں ہیں۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی کے درمیان کوئی بھی قوت حائل نہیں ہو سکتی اور ہمیں ہر قسم کی افواہوں سے گریز کرنا چاہئے۔ افواہ سازی کرنے والے صرف اور صرف پاکستان کے برادر اسلامی ممالک کے ساتھ تعلقات کی خرابی چاہتے ہیں۔