حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی جڑانوالہ میں قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی اور ردعمل میں مسیحی عبادت گاہوں، گھروں پر حملوں اور ان کے مقدسات کی توہین کی شدید مذمت

201

اسلام آباد۔16اگست (اے پی پی):انٹرنیشنل انٹر فیتھ ہارمنی کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے جڑانوالہ میں قرآن پاک کی مبینہ بے حرمتی اور ردعمل میں مسیحی عبادت گاہوں، گھروں پر حملوں اور ان کے مقدسات کی توہین کی شدید مذمت کی ہے۔ علاقہ میں کشیدہ صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے انٹرنیشنل انٹر فیتھ ہارمنی کونسل و پاکستان علماء کونسل کے قائدین پر مشتمل ایک وفد جڑانوالہ بھیجنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ فیصل آباد کے نواحی علاقے جڑانوالہ میں مبینہ طور پر قرآن پاک کی بے حرمتی کا واقعہ انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے جس کے باعث علاقے میں مسلم مسیحی کشیدگی نے جنم لیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بد بخت نے قرآن پاک کے اوراق شہید کئے تھے تو اسے قانون کے حوالے کرنا چاہئے تھا قانون اپنا راستہ خود بناتا، الزام ثابت ہونے پر ملزم کیفر کردار تک پہنچ جاتا لیکن اس واقعہ کی آڑ میں مسیحی عبادت گاہوں پر حملے اور ان کی آبادیوں کو نشانہ بنانا بھی قابل افسوس و مذمت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام امن اور سلامتی کا دین ہے، یہ شریعت کا حکم ہے کہ مسلمانوں کی اکثریت والے ملک میں غیر مسلموں کا تحفظ کرنا مسلمانوں کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ جڑانوالہ میں کشیدہ صورتحال کو ختم کرنے کے لیے مقامی علماء کرام، مسیحی رہنما اور انتظامیہ کوشاں ہے، پاکستان علماء کونسل و انٹرنیشنل انٹرفیتھ ہارمنی کونسل بھی ایک وفد جڑانوالہ بھیج رہی ہے جو مقامی انتظامیہ ، علماء کرام اور مسیحی رہنمائوں سے مل کر صورتحال کو بہتری کی طرف لانے میں اپنا کردار اداکرے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر ایک اعلیٰ سطحی تحقیقاتی کمیٹی بنائی جائے جو تمام تر معاملات کی آزادنہ تحقیقات کرے۔