حافظ محمد طاہر محمود اشرفی کی قاہرہ میں فلسطین کے مفتی اعظم محمد حسین اور قاضی القضاۃ فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش سے ملاقات

99

اسلام آباد۔19اکتوبر (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین اور وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے گذشتہ روز قاہرہ میں فلسطین کے مفتی اعظم محمد حسین اور قاضی القضاۃ فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش سے ملاقات کی اور حکومت پاکستان اور پاکستان کے عوام کی طرف سے فلسطین کی عوام اور حکومت کی مکمل تائید وحمایت کی۔

بدھ کو یہاں جاری کردہ بیان کے مطابق اس موقع پر گفتگو کرتےہوئے طاہراشرفی نے کہاکہ فلسطین کے حوالے سے پاکستان کا موقف واضح ہے ، فلسطین اور کشمیر امت مسلمہ کے مسائل ہیں جن کے حل کے بغیر دنیا میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے فلسطین کے صدر محمود عباس کی طرف سے پاکستان میں سیلاب زدگان کیلئے امداد اور فلسطینی عوام کی طرف سے پاکستان کیلئے اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔

فلسطین کے مفتی اعظم محمد حسین اور قاضی القضاۃ ڈاکٹر محمود الہباش نے حافظ محمد طاہر محمود اشرفی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کی حکومت اور عوام پاکستان کی فلسطین کیلئے تائید و حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور پاکستان اور فلسطین دوبھائیوں اور جسم و روح کی طرح ہیں اور پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصان پر فلسطین کی حکومت اور عوام افسوس کا اظہار کرتی ہے اور پاکستان کی حکومت اور عوام کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتی ہے۔

دونوں رہنمائوں نے آسٹریلیا کی طرف سے مغربی القدس کو اسرائیل کے دارالخلافہ تسلیم کرنے کے فیصلے کو واپس لینے پر آسٹریلیا کی حکومت کا شکریہ ادا کیا۔