حالیہ انتخابات جمہوریت کے فروغ کی جانب ایک قدم ہے، انتخابی بے ضابطگیوں کے حوالے سے کسی قسم کے خدشات کےلئے دستیاب قانونی راستے اختیار کئے جائیں،نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ

165
Caretaker Prime Minister
Caretaker Prime Minister

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑنے ملک میں ہونے والے حالیہ عام انتخابات کوجمہوریت کے فروغ کی جانب ایک قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی بے ضابطگیوں کے حوالے سے کسی قسم کے خدشات کےلئے دستیاب قانونی راستے اختیار کئے جائیں، انتظامی اور عدالتی ادارے غیر جانبدارانہ انصاف فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ہفتہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک میں حال ہی میں ہونے والے عام انتخابات جمہوریت کے فروغ کی طرف ایک قدم ہے۔ معاشرے کے تمام طبقات کی جانب سے نمایاں ٹرن آؤٹ کو عالمی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ انتخابات کے بعد یہ ضروری ہے کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو یہ احساس ہو کہ جیت اور ہار جمہوری عمل کے بنیادی پہلو ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ جماعتیں اور افراد جو انتخابی بے ضابطگیوں کے حوالے سے کسی قسم کے خدشات کا اظہار کرتے ہیں ، ان کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ دستیاب چینلز کے ذریعے قانونی راستے اختیار کریں ۔

پاکستان کے قانون ساز، عدالتی اور انتظامی شعبے پر عزم ہیں اور سب کو غیر جانبدارانہ انصاف فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہا کہ پرامن احتجاج اور اجتماع بنیادی حقوق ہیں لیکن انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں ہوگی اور قانون بغیر کسی ہچکچاہٹ کے اپنا راستہ اختیار کرے گا۔وزیراعظم نے کہا کہ اس نازک وقت میں انتشار برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یہ صرف ملکی اور غیر ملکی دشمن قوتوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے،استحصال اور امن و امان کے سنگین چیلنجز پیدا کرنے کے لیے کام کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت صبر و تحمل کی درخواست کرتی ہے، کیونکہ سیاسی جماعتیں وفاقی اور صوبائی دونوں سطحوں پر جمہوری روایات اور اصولوں کے مطابق حکومتیں بنانے کے لیے مشاورت میں مصروف ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ یہ عمل باہمی افہام و تفہیم اور احترام کے ساتھ جلد از جلد اختتام پذیر ہوگا۔