اسلام آباد۔16اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ تباہ کن سیلاب نے پاکستان میں لاکھوں ایکڑ رقبے پر تیار فصلوں کو تباہ کردیا ہے، پاکستان جیسے زرعی ملک کو بھی اشیاء خوردونوش درآمد کرنا پڑیں گی، موسمیاتی تبدیلی ہماری زندگیوں پر منفی اثرات مرتب کر رہی ہے جس میں عالمی سطح پر غربت اور بھوک میں اضافہ سرفہرست ہے۔
اتوار کو اپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ تباہ کن سیلاب نے لاکھوں ایکڑ پر تیار فصلوں کو تباہ کر دیاہے۔ پاکستان جیسے زرعی ملک کو بھی اس نقصان کے ازالے کیلئے اشیاِ خوردنوش درآمد کرنا پڑیں گی۔ آج خوراک کا عالمی دن دنیا کے مختلف ممالک کے غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے مجموعی عالمی اقدامات کی اہمیت اجاگر کرتا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے قدرتی آفات اور عالمی منڈی میں بڑھتی ہوئی قیمتوں سے غذائیت سے بھرپور خوراک، جس کی پہلے سے ہی کمی تھی،کی عالمی سطح پرمزید قلت کا خدشہ ہے۔ موسمیاتی تبدیلی ہماری زندگیوں پرکئی طریقے سے منفی اثرات مرتب کر رہی ہے جس میں عالمی سطح پرغربت اور بھوک میں اضافہ سر فہرست ہے۔