حالیہ تنازع کو بھی اسرائیل اپنے مذموم استعماری اہداف کے لیے استعمال کر رہاہے، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور اراکین کی اسرائیلی توسیع پسندانہ پالیسی کی شدید مذمت

80
حالیہ تنازع کو بھی اسرائیل اپنے مذموم استعماری اہداف کے لیے استعمال کر رہاہے، اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور اراکین کی اسرائیلی توسیع پسندانہ پالیسی کی شدید مذمت

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور اراکین نے اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ تنازع کو بھی اسرائیل اپنے مذموم استعماری اہداف کے لیے استعمال کر رہاہے۔ گزشتہ ہفتے غزہ پر اسرائیل کے حملے مسلمہ بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں جن میں شہری آبادی، بچوں، بوڑھوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

جمعہ کو اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور اراکین نے کہا کہ پاکستانی عوام کے دل فلسطینیوں کی تحریک مزاحمت کے ساتھ دھڑکتے ہیں، بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے فلسطین کے بارے میں جو پالیسی دی تھی پاکستانی عوام اسی کو درست سمجھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا کو یہ سمجھنا چاہیے کہ تقریباً 75 سال سے اسرائیل نے فلسطین پر غاضبانہ قبضہ کیا ہوا ہے اور فلسطینیوں کے حقوق کو مکمل طور پر سلب کر رکھا ہے۔ اس سلسلے میں وہ بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کی قرار دادوں کو بھی خاطر میں نہیں لاتا۔ اسلامی نظریاتی کونسل سمجھتی ہے کہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے بغیر اس قضیے کا کوئی حل نکلنا ممکن نہیں۔

کونسل مطالبہ کرتی ہے کہ اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے تاکہ موثر سفارتی اقدامات کے ذریعے نہ صرف اسرائیل کو جارحیت سے روکا جائے بلکہ واضح پالیسی کے تحت ایک آزاد فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس ہو اس کے لئے کوششیں کی جائیں۔