اسلام آباد۔28اگست (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت کی جانب سے متاثرین سیلاب کی مدد کی اپیل کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ سیلاب نے پاکستان میں تباہی مچا دی ہے، انفراسٹرکچر کے اربوں ڈالر کے نقصانات کے ساتھ ایک ہزار سے زائد افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔
اتوار کو اپنے ایک ٹویٹ میں صدر مملکت نےپاکستان کے عوام سے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے دل کھول کر عطیات دینے کی بھی اپیل کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیلاب نے تباہی مچا دی ہے،ایک ہزار سے زیادہ جانوں کا نقصان ہوا ہے اور انفراسٹرکچر کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے ادارے لوگوں کی مدد کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں اورمدد کے منفرد قومی جذبے کو جانتے ہوئے مجھے یقین ہے کہ ہم دل کھول کر متاثرین کی مدد کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب کی مدد کیلئے عالمی برادری سے معاونت کی حکومتی اپیل کا اعادہ کرتا ہوں۔