حالیہ مکمل ہونے والے سیزن میں6کرکٹ ایسوسی ایشنز نے پی سی بی کے اشتراک سے مجموعی طور پر 7009میچز منعقد کروائے، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پی سی بی

103
PCB spokesperson
PCB spokesperson

لاہور۔25اپریل (اے پی پی):ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس پاکستان کرکٹ بورڈ ندیم خان نے کہا ہے کہ حالیہ مکمل ہونے والے سیزن میں 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز نے پی سی بی کے اشتراک سے مجموعی طور پر 7009میچز منعقد کروائے، ان میچز میں 6کرکٹ ایسوسی ایشنز کے کل 3822 کرکٹ کلبز نے شرکت کی۔

یہاں جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس دوران تمام کرکٹ ایسوسی ایشنز نے اپنی اپنی کرکٹ لیگز منعقد کروائیں جو اکتوبر 2021سے فروری 2022 کے درمیان کھیلی گئیں، ان لیگز کا مقصد دیہی اور شہری علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو ایک واضح نظام کے تحت ڈومیسٹک کرکٹ میں شرکت کے مواقع فراہم کرنا تھا۔اس ضمن میں خیبر پختونخواہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے اعداد و شمار سب سے بہترین رہے جہاں 13نومبر 2021سے 20جنوری 2022 تک کھیلی جانے والی کرکٹ لیگ میں 844کلبز کے مابین 1530 میچز کھیلے گئے۔

سینٹرل پنجاب اور سندھ میں کھیلی گئی کرکٹ لیگز میں بالترتیب 788 اور 670کرکٹ کلبز نے شرکت کی۔ ان کلبز کے مابین سینٹرل پنجاب میں 1482 جبکہ سندھ میں 1172 میچز کھیلے گئے۔سدرن پنجاب میں کھیلے گئے 1100 میچز میں 517 کلبز نے شرکت کی۔ بلوچستان اور ناردرن میں 512 اور 491 کرکٹ کلبز میں بالترتیب 700 اور 1025 میچز کھیلے گئے۔بلوچستان، سینٹرل پنجاب، ناردرن، سندھ اور سدرن پنجاب میں کرکٹ لیگز 20 اکتوبر 2021 سے شروع ہوئی تھیں۔

ندیم خان کا کہنا تھا کہ ڈومیسٹک کرکٹ میں کلب کرکٹ کا کردار بہت اہم ہے، لہذا انہوں نے 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز میں نچلی سطح سےکرکٹ کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جبکہ پی سی بی آئندہ بھی نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو کرکٹ کھیلنے کے بہترین مواقع فراہم کرنے کے لئے تمام چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کا خواہشمند ہے۔