اسلام آباد۔10دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان مسلسل عالمی برادری کی توجہ خطے میں جمہوریتیں کمزور کرنے کیلئے بھارت کی تخریب کاریوں اور جعلی خبر رساں اداروں /تھنک ٹینکس کے نیٹ ورک کے ذریعے انتہاءپسندی کی سرپرستی اور مالی معاونت کی جانب مبذول کرواتا آیا ہے۔ حال ہی میں حکومت پاکستان نے اپنی سرزمین پر بھارت کی ریاستی دہشتگردی کے دستاویزی شواہد (ڈوزیئر) اقوام متحدہ کو فراہم کئے ہیں۔ یہ بات وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ایک ٹویٹ میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ تخریب کاری کے وسیع بھارتی نیٹ ورک سے متعلق @DisinfoEU کے انکشافات نے پاکستان کے مؤقف پر مہرِ تصدیق ثبت کی ہے اور اس کے دشمن بے نقاب کئے ہیں۔ بین الاقوامی برادری کو عالمی استحکام کیلئے خطرہ بن جانے والی مکار بھارتی حکومت کا نوٹس لینا چاہیے۔