لاہور۔22مئی (اے پی پی):پاکستان علما کونسل کے چیئرمین اور انٹرنیشنل تنظیم حرمین شریفین کے سیکرٹری جنرل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ حجاج کرام اللہ تعالی کے مہمان، حکومت حاجیوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرے گی، محروم رہ جانے والے عازمین مایوس نہ ہوں،پاک فوج نے بھارت کو ایسا سبق سکھایا کہ وہ دوبارہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کی رات مقامی ہوٹل میں منعقدہ حج تربیتی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،حج کی سعادت خوش نصیبوں کو حاصل ہوتی ہے،حاجی اللہ تعالی کے مہان ہوتے ہیں،حکومت عازمین حج کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے، رواں سال125,000 پاکستانی عازمین فریضہ حج ادا کریں گے۔انہوں نے کہاکہ جہاں حج ایک عبادت ہے وہیں عازمین حج پاکستان کے سفیر بھی ہیں،حج کو عبادت سمجھ کر اداکریں، حج کے دوران منفی سرگرمیوں کاحصہ نہ بنیں، امت مسلمہ اور پاکستان کیلئے دعا کریں، اپنی صحت کا بھی خیال رکھیں اور پاک سعودی قوانین کو سامنے رکھتے ہوئے منفی سرگرمیوں کاحصہ نہ بنیں،سعودی نظم و ضبط پر عمل کرنا بہت ضروری ہے،مدینہ منورہ کے آداب کو بھی ملحوظ خاطر رکھیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حج کے روحانی سفر کو سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے بجائے عقیدت اور اخلاص پر مرکوز ہونا چاہیے، سعودی حکومت کے حکام بشمول پولیس اور سماجی کارکنان کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں جو عازمین کی حفاظت اور بہبود کے لیے کام کر رہے ہوتے ہیں۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے اس سال حج سے محروم رہ جانے والوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ کوٹہ کے مسائل کے باعث حج نہ کرنے والوں کو مایوس نہیں ہونا چاہیے، بلکہ اگلے موقع کا انتظار کریں کیونکہ حج بالآخر اللہ کی طرف سے ایک دعوت ہے،اللہ نے چاہا تو ان کو اگلے سال حج پر بھجوائیں گے، وہ مالی وسائل فلسطین اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے وقف کر دیں،نفلی حج والے بھائی بھی فلسطینی بھائیوں کا خیال کریں،فلسطینی بھائی اس کے زیادہ حقدار ہیں۔
انہوں نے فلسطین اور کشمیر میں جاری انسانی بحران پر تشویش کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ جلد مسلمانوں فتح نصیب ہو گی اور یہ مشکل دور گزر جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو ہفتوں سے میں فلسطینی عوام کے لیے امداد بھیجنے کی کوشش کر رہا ہوں لیکن راستوں کی بندش سے مسائل کا سامنا ہے،انہوں نے کہا کہ بھارت نے پہلگام واقع کو بنیاد بنا کر پاکستان میں در اندازی کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایااور ہمارے صبر و تحمل کو کمزوری سمجھا،لیکن پھر دنیا نے دیکھا کہ کس طرح ہماری مسلح افواج نے دشمن کو دھول چٹائی،دشمن کو ایسا سبق دیا کہ اس کی آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔
اپنے خطاب کے اختتام پر حافظ اشرفی نے پاکستانی فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک خداداد کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے،قوم جو رات کو آرام کی نیند سوتی ہے اس کے پیچھے ہمارے ان جوانوں کی قربانیاں ہیں جو ہر وقت شہادت کے حصول کی خواہش رکھتے ہیں،یہ ملک قائم رہنے کے لیے بنا ہے اور یہ قیامت کے قائم رہے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600444