حجاج کرام کی خدمت میں غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی،وزیرمذہبی امور

109
وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود کا پریس کانفرنس سے خطاب
وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود کا پریس کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی): وزیرمذہبی امور سینیٹر محمد طلحہٰ محمود نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں حج آپریشن کے دوران تمام معاونین کی نگرانی کی جائے گی ، حجاج کرام کی خدمت میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

منگل کو یہاں سپورٹس کمپلیکس میں حج معاونین کے ٹریننگ سیشن سے خطاب کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ معاونین دوران حج عازمین کی مکمل ضروریات کا خیال رکھیں گے اور وہ انہیں مکمل رہنمائی فراہم کریں گے۔ تمام معاونین کو چاہیے کہ وہ جذبہ ایمانی سے سرشار ہو کر اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ حج آپریشن کے دوران حجاز مقدس میں موجود ہوں گے اور وہ معاونین کی خدمات سمیت سارے حج آپریشن کی نگرانی کریں گے اور اس سلسلہ میں کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ حج انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لئے دن رات محنت کی جا رہی ہے ۔ہماری خواہش ہے کہ عازمین حج کی آسانی کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔ اس سلسلہ میں تمام ایئرلائنز اور سعودی حکام سمیت سب کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

حج انتظامات کو جلد ازجلد مکمل کرکے عازمین کو بروقت حجاز مقدس روانہ کیاجائے گا۔ انہوں نے ذرائع ابلاغ سے گزارش کی کہ وہ بے بنیاد خبروں سے اجتناب کریں۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس فرض سے احسن طریقے سے نبرد آزما کرے۔