حجاج کرام کی واپسی کا سلسلہ شروع، وفاقی وزیر مذہبی امور اور گورنر سندھ نے استقبال کیا

151

اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):پاکستان انٹر نیشنل ایئر لائن نے اتوار کو4 حج پروازیں آپریٹ کیں،وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود مسافروں کے ہمراہ جدہ سے تشریف لائے اورپاکستان میں حجاج کرام کا خود خیر مقدم کیا، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کراچی پہنچنے والے حجاج کرام کا ہوائی اڈے پر استقبال کیا۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق پی آئی اے نے بعد از حج آپریشن کا آغاز کر دیا ہے اور اتوار کو چار پروازیں آپریٹ کی گئی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پی کے ۔832 جدہ سے 432 حجاج کرام کو لیکر3 بجکر 20 منٹ پر کراچی پہنچی۔

گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے حجاج کرام کا ہوائی اڈے پر استقبال کیا ۔ پی کے 760 جدہ سے323 حجاج کرام کے ہمراہ لاہور پہنچی جہاں پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی اور ائیرپورٹ انتظامیہ نے حجاج کرام کا استقبال کیا۔ اسی طرح پی کے 762 جدہ سے392 مسافروں کے ساتھ اسلام آباد پہنچی ، وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹرمحمد طلحہ محمود مسافروں کے ہمراہ جدہ سے تشریف لائے۔

انہوں نے خود مسافروں کا پاکستان میں استقبال کیا۔ پی آئی اے کی چوتھی پرواز پی کے 740 جدہ سے276 حجاج کرام کے ہمراہ پشاور پہنچ رہی ہے جہاں ایئرپورٹ انتظامیہ، پی آئی اے کے حکام اور سول ایوی ایشن کا عملہ استقبال کرے گا۔